انٹرٹینمنٹ

سیف علی خان اسپتال میں داخل؛ شوٹنگ میں زخمی ہوگئے تھے

ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار سیف علی خان کو کہنی میں شدید درد کے باعث ہنگامی طور پر اسپتال میں داخل ہونا پڑا ہے جہاں ان کی اہلیہ اداکارہ کرینہ کپور بھی ان کے ساتھ ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 53 سالہ سیف علی خان کی کہنی پر چوٹ 2017 میں وشال بھردواج کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم رنگون کی شوٹنگ کے دوران لگی تھی اور تب سے وہ تکلیف میں مبتلا تھے۔

فلمی اور نجی مصروفیات کے باعث سیف علی خان اس کا علاج نہیں کرا پائے تھے تاہم چند ماہ سے تکلیف میں اضافہ ہوگیا اور کل یہ تکلیف ناقابل برداشت ہوگئی جس پر انھیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

 

ڈاکٹرز کی ٹیم نے سیف علی خان کو فوری طور پر کہنی کی سرجری کا مشورہ دیا۔ اہل خانہ کی جانب سے فوری طو پر ہامی بھرنے پر سیف علی خان کا آپریشن کردیا۔

اس دوران کرینہ کپور اسپتال میں موجود رہیں۔ سیف علی خان آپریشن کے بعد تیزی سے روبہ صحت ہوگئے اور آج اہلیہ کے ساتھ اسپتال سے گھر چلے گئے۔

یاد رہے کہ سیف علی خان آخری بار ادی پورش میں نظر آئے تھے۔ پربھاس اور کریتی سینن کے ساتھ ساتھ اس فلم کی ہدایات اوم راوت نے دی تھی۔ اس فلم میں سیف نے لنکیش کا کردار ادا کیا تھا تاہم ایک کے بعد ایک تنازعات کے باعث یہ فلم باکس آفس پر بری طرح ناکام رہی تھی۔

تاہم اب سیف علی خان تیلگو فلم دیوارا میں نظر آئیں گے جس کے ہدایت کار کوراٹالا سیوا ہیں جب کہ دیگر کاسٹ میں جونیئر این ٹی آر اور جھانوی کپور شامل ہیں۔ یہ جھانوی کی پہلی تیلگو فلم ہو گی اور رواں برس 5 اپریل کو ریلیز ہوگی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button