سردیوں میں کتنا پانی پینا چاہیے؟
لاہور:(سنو نیوز) سردیوں میں اکثر لوگ پانی پینے کی اہمیت کو نظر انداز کر دیتے ہیں،جو کہ ڈی ہائیڈریشن کا باعث بنتا ہے،جس سے بہت سی پچیدگیاں جنم لیتی ہیں۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ سردیوں میں بھی پانی کی مناسب مقدار پینا ضروری ہے تاکہ جسم کی ہائیڈریشن برقرار رہے اور صحت کے سنگین مسائل سے بچا جا سکے۔
ماہرینِ صحت کے مطابق سردیوں میں درجہ حرارت کم ہونے کی وجہ سے جسم سے پسینہ کم خارج ہوتا ہے، جس کی وجہ سے ہم پانی کی کمی کو محسوس نہیں کرتے۔ تاہم سرد موسم میں بھی جسم کو پانی کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ جسم کی زیادہ تر ضروریات جیسے کہ میٹابولزم، خون کی روانی اور دیگر جسمانی افعال کیلئے پانی کی اہمیت برقرار رہتی ہے۔
ذہن نشین رہے کہ سردیوں میں پانی کی کمی کے نتیجے میں خشک جلد، تھکاوٹ، سردرد اور دیگر صحت کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
پانی کی مقدار؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ کم از کم 8-10 گلاس پانی پینا چاہیے، لیکن اگر آپ زیادہ جسمانی سرگرمی کرتے ہیں یا باہر زیادہ وقت گزارتے ہیں تو پانی کی مقدار بڑھا کر 12 گلاس تک کرنی چاہیے۔
سردیوں میں پانی پینے کے کچھ آسان طریقے بھی ہیں جن سے آپ اپنے جسم کو ہائیڈریٹ رکھ سکتے ہیں۔ مثلاً، گرم پانی یا ہربل چائے پینا بھی ایک اچھا طریقہ ہے کیونکہ یہ جسم کو گرم رکھنے کے ساتھ ساتھ پانی کی کمی کو بھی پورا کرتا ہے۔اس کے علاوہ سوپ اور شوربے جیسے گرم مشروبات بھی ہائیڈریشن کیلئے مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پانی پینے کا عمل صرف پیاس لگنے پر نہیں بلکہ دن بھر جاری رکھنا چاہیے۔ اس سے نہ صرف جسم کی توانائی برقرار رہتی ہے بلکہ سردیوں میں ہونے والی بیماریوں سے بھی بچا جا سکتا ہے۔
لہٰذا سردیوں میں بھی پانی پینے کی عادت کو اپنانا اور اس کی اہمیت کو سمجھنا ضروری ہے تاکہ صحت مند اور فعال رہیں۔