کھیل

چیمپئنز ٹرافی 2025 کا نیا پرومو جاری

لاہور: (سنو نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ایک شاندار اور جذبات سے بھرپور نیا پرومو جاری کر دیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ پرومو میں پاکستان کے سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ باؤلر وسیم اکرم جلوہ گر ہیں۔ ویڈیو میں سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کو چیمپئنز ٹرافی کے آئیکونک سفید جیکٹ کی تعریف کرتے ہوئے اور شائقین کو اس ایونٹ کا حصہ بننے کی دعوت دیتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

وسیم اکرم نے سفید جیکٹ کو  قابل فخر  قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جیکٹ کسی بھی کھلاڑی کے لیے ایک خواب ہے جو اس کے شاندار سفر اور کامیابیوں کی علامت ہے۔ اس پرومو کے ذریعے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو پاکستان میں ہونے والے اس بڑے ایونٹ کے لیے جوش دلایا جا رہا ہے۔

آئی سی سی کے ساتھ براڈکاسٹرز نے بھی مختلف پروموز جاری کیے ہیں جن میں بھارت کے کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی، آسٹریلیا کے پیٹ کمنز اور ڈیوڈ وارنر، جنوبی افریقہ کے ڈی کاک اور ریزا ہینڈرکس جبکہ پاکستان کے شاہین آفریدی اور بابر اعظم سمیت دیگر کھلاڑیوں کو نمایاں کیا گیا ہے۔

چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے ہوگا اور افتتاحی میچ کراچی میں دفاعی چیمپئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں میزبان پاکستان کے ساتھ بھارت، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ہوں گی جبکہ گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور افغانستان کی ٹیمیں ہوں گی۔

ہر ٹیم گروپ مرحلے میں 3 میچز کھیلے گی اور ہر گروپ کی ٹاپ 2 ٹیمیں سیمی فائنلز کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ ایونٹ کا فائنل 9 مارچ کو ہوگا جو اصلی چیمپئنز کا فیصلہ کرے گا۔

بھارتی ہٹ دھرمی اور میں نا مانوں کی رٹ کے باعث بھارت کے میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔ یہ فیصلہ آئی سی سی اور پاکستان کے درمیان ہائبرڈ ماڈل کے معاہدے کے تحت کیا گیا ہے۔

پاکستان اس ایونٹ میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا۔ 2017 میں سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کو فائنل میں عبرتناک شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔ اس فتح کو پاکستانی کرکٹ کی تاریخ کا یادگار لمحہ قرار دیا جاتا ہے، قومی ٹیم ایک بار پھر تاریخ دہرانے کے لیے پرعزم ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان گزشتہ کئی سالوں سے دو طرفہ کرکٹ سیریز نہیں کھیلی گئی۔ بھارت نے 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا۔ تاہم شائقین کرکٹ اس ایونٹ میں دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ مقابلے کے لیے بےحد پُرجوش ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button