قومی فاسٹ باؤلر احسان اللہ کا بڑا یو ٹرن
لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر اور پی ایس ایل فرنچائز ملتان سلطان کے سپرسٹار احسان اللہ نے اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق یو ٹرن لے لیا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے ڈرافٹنگ میں نوجوان فاسٹ باؤلر احسان اللہ کو نظر انداز کیے جانے پر جذبات میں آ کر انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ لیکن ایک دن بعد ہی انہوں نے اپنے اس اعلان کو واپس لے لیا اور یہ عہد کیا کہ وہ اتنی محنت کریں گے کہ جو فرنچائزز ان کو نظرانداز کر رہی ہیں وہ ہی دوبارہ ان کو اپنی ٹیم میں شامل کریں گی۔
گزشتہ روز احسان اللہ نے پی ایس ایل کے ڈرافٹنگ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے نہ لیے جانے کے بعد احتجاجاً پی ایس ایل کو بائیکاٹ کرنے اور ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ احسان اللہ کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا تھا کہ میری کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کوئی ٹیم مجھے منتخب کرے گی، لیکن ایسا نہیں ہوا۔
احسان اللہ نے کہا کہ جب ان کے مداحوں اور دوستوں نے ان سے رابطہ کیا اور ان کے ساتھ اظہار افسوس کیا، تو ان کے جذبات میں شدت آ گئی اور انہوں نے فوری طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ تاہم، اب انہوں نے اپنے اعلان کو واپس لے لیا ہے اور اپنے مستقبل کے لئے نئے عزائم کا اظہار کیا ہے۔
احسان اللہ نے انٹرویو کے دوران کہا کہ میں اپنے ناقدین کو غلط ثابت کر کے دکھاؤں گا۔ میری محنت کا مقصد یہ ہے کہ وہ فرنچائزز جو مجھے نظرانداز کر رہی ہیں، وہ دوبارہ مجھے اپنی ٹیم میں شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں 150-160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے باؤلنگ کروں گا، وہ لوگ جو کہتے ہیں کہ میں صرف 130-135 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے باؤلنگ کرتا ہوں میں ان کو دکھاؤں گا کہ وہی باؤلر اب نہیں ہوں جو پی ایس ایل 8 میں زخمی ہوا تھا۔
احسان اللہ کی مایوسی کی ایک وجہ ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کا وہ بیان بھی تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ احسان اللہ کی پہلے کی انجری کے بعد ان کا باؤلنگ کا فارم کبھی واپس نہیں آ سکے گا۔ علی ترین نے کہا تھا کہ احسان اللہ کی کلائی کے آپریشن سے اب اس کی بازو کبھی صحیح نہیں ہو سکے گی اور وہ پہلے کی طرح باؤلنگ نہیں کر سکے گا۔
احسان اللہ نے اس بیان کے جواب میں کہا کہ وہ صرف اپنی محنت اور باؤلنگ سے ثابت کریں گے کہ وہ پھر سے اپنی بہترین فارم میں واپس آ سکتے ہیں۔ وہ پورے عزم کے ساتھ پی ایس ایل میں واپسی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اپنے مداحوں کو مایوس نہیں کریں گے۔