پاکستان

آسان کاروبار سکیم منظور، 3 کروڑ تک بلاسود قرض ملے گا

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 22 واں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ریکارڈ 91 ایجنڈا پوائنٹ زیر بحث لائے گئے۔ صوبائی کابینہ نے پہلے پنجاب ہندو میرج ایکٹ، رجسٹریشن رولز 2024 کی منظوری دے دی۔

وزیر اعلیٰ نے کاٹن کی پیداوار بڑھانے کے لئے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی اور موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے گنے کی پیداوار میں کمی کے ازالے کے لئے اقدامات کا حکم دیا۔ اجلاس میں پنجاب میں اپنی نوعیت کی پہلی پنجاب آسان کاروبار فنانس سکیم اور سی ایم پنجاب آسان کاروبار کارڈ کی منظوری دی گئی، آسان کاروبار کے لئے 3 کروڑ روپے تک بلا سود قرضے دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

مریم نواز نے اعلان کیا آسان کاروبار سکیم کے لئے مفت اراضی بھی دینگے۔ کابینہ نے پنجاب بھر میں تمام وہیکلزکی رجسٹریشن مہم شروع کرنے اور پنجاب میں موٹر سائیکل کی سپیڈ کو 60 کلو میٹر فی گھنٹہ تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا۔ 12ماہ کے بعدموٹر سائیکل کی انسپکشن اور سرٹیفکیشن کے لئے ترمیم کی بھی منظوری دی گئی۔

وزیر اعلیٰ نے ایک لاکھ بزنس سٹارٹ اپ کا ہدف بھی مقرر کر دیا اور سٹارٹ اپ کے لئے بزنس پلان دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پنجاب بھر میں ای وہیکلز کے لئے چارجنگ سٹیشن قائم کرنے کا بھی حکم دیا اور جامع الیکٹرک وہیکلز پالیسی طلب کر لی۔

کابینہ نے قذافی سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ مسترد کر دیا۔ وزیر اعلیٰ اور صوبائی کابینہ نے ہونہار سکالر شپ کی کامیاب لانچنگ پر صوبائی وزیر ایجوکیشن رانا سکندر حیات کو شاباش دی۔

مریم نواز نے کہا ہونہار سکالر شپ پر طلبہ کا رسپانس بہترین اور قابل تحسین ہے ۔ میرٹ پر آنے والے ہر طالب علم کو لیپ ٹاپ دینا چاہتی ہوں۔ وزیر اعلیٰ نے لیپ ٹاپ کی تعداد 40 ہزار سے بڑھانے اورسیکنڈ ایئر اور تھرڈ ایئر کے طلبہ کو بھی ہونہار سکالر شپ دینے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

اجلاس میں کسان کارڈ کی تعداد 5 لاکھ سے ساڑھے 7 لاکھ کرنے ، کیش لمٹ 30 فیصد تک بڑھانے کی منظوری بھی دی۔ کسان کارڈ سے کاشتکاروں نے 46 ارب روپے کی خریداری کا ریکارڈ قائم کر دیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کسان رل گیا کا بیانیہ پٹ گیا، پنجاب کا کسان خوش اور خوشحال ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Check Also
Close
Back to top button