ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں ناقابل شکست ٹرپل سنچری
کراچی:(ویب ڈیسک)کرکٹ کی دنیا میں نوجوان کرکٹر نے ایک نیا سنگِ میل عبور کرلیا ہے،جہاں ایک 14 سالہ ایشیائی بیٹر نے ون ڈے میچ میں ناقابل شکست ٹرپل سنچری بنا کر تاریخ رقم کر دی ہے۔
واضح رہے کہ یہ کارنامہ بھارت میں ہونے والے ایک ڈومیسٹک میچ میں انجام دیا گیا، جہاں ممبئی انڈر 19 ویمنز ٹیم کی نمائندگی کرنے والی ایرا جادھیو نے 346 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر تاریخ رقم کر دی۔ یہ تاریخی اننگ الور میں میگھالیہ کیخلاف کھیلے گئے میچ میں دیکھنے کو ملی۔
ایرا جادھیو نے 157 گیندوں پر 220.38 کے شاندار اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 346 رنز بنائے۔ان کی اس یادگار اننگ میں 42 چوکے اور 16 چھکے شامل تھے، جس نے حریف ٹیم کو مکمل طور پر بے بس کر دیا۔
ممبئی کی ٹیم نے ایرا جادھیو کی اس شاندار کارکردگی کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 563 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ کھڑا کیا، جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ حریف ٹیم کو جیت کیلئے 564 رنز کا ہدف دیا گیا، جو کسی بھی ٹیم کیلئے ناقابلِ تسخیر ثابت ہوا۔
خیال رہے کہ ایرا جادھیو کو حال ہی میں ویمنز پریمیئر لیگ کیلئے رجسٹرڈ کیا گیا تھا، مگر کسی فرنچائز نے ان کی خدمات حاصل نہیں کی تھیں۔ تاہم اس کارنامے کے بعد کرکٹ کے حلقوں میں ان کے ٹیلنٹ کی خوب پذیرائی ہو رہی ہے۔