برازیل میں مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ؛ 7 افراد ہلاک
برازیلیا: برازیل کی ریاست میناس گیریس میں ایک انجن والا چھوٹا طیارہ پرواز بھرنے کے کچھ دیر بعد ہچکولے کھاتے ہوئے پہاڑی علاقے میں ایک آبشار کے نزدیک گر کر تباہ ہوگیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مسافر بردار طیارے نے برازیل کی ریاست ساؤ پالو کے شہر کیمپیناس سے پڑوسی ریاست میناس گیریس کے لیے اڑان بھری تھی تاہم طیارے کا رابطہ کنٹرول ٹاور سے منقطع ہوگیا تھا۔
سرچ آپریشن کے دوران جہاز ملبہ کان کنی کے لیے مشہور ایک پہاڑی علاقے میں آبشار کے نزدیک مل گیا۔ یہ علاقہ درختوں اور جھاڑیوں سے بھرا ہوا تھا۔ طیارے سے 7 لاشیں برآمد ہوئیں۔
ہلاک ہونے والے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے اور سیاحت کے لیے نکلے تھے۔ برازیل میں سیاحت کے لیے ایمازون کے جنگلات جانے والے طیاروں کے حادثات عام ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں بھی ایسے ہی ایک حادثے میں 14 افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ رواں برس کے آغاز پر ہی ایک اور مسافر بردار سیاحتی طیارے کے حادثے میں 3 افراد جان سے گئے تھے۔