مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج پر حملے میں ایک اہلکار ہلاک
سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں مسلح افراد کی فائرنگ میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع اودھم پور میں نامعلوم مسلح افراد نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے سب انسپکٹر کو نہایت قریب سے نشانہ بنایا۔
اہلکار کو 5 سے زائد گولیاں لگیں اور اسے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج جانبر نہ ہوسکا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ موت کی وجہ خون کا زیادہ بہہ جانا تھا۔
حملے میں ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت کلدیپ سنگھ کے نام سے ہوئی ہے۔ لاش کو ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقے روانہ کردیا گیا۔
کشمیر پولیس نے نامعلوم مسلح افراد کے نام مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
ہلاک ہونے والا اہلکار ضلع اودھم پور کے علاقے رام نگر میں تعینات تھا۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
خیال رہے کہ مودی سرکار کے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرکے وفاق کی اکائی بنانے کے سیاہ اقدام کے بعد سے پوری وادی کو قید خانے میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
حال ہی میں ہونے والے الیکشن کا غیور کشمیریوں نے بائیکاٹ کیا جس پر مودی سرکار تلملا اُٹھی تھی اور ریاستی آپریشن کو تیز کردیا۔