ہمارا سسٹم انٹرنیٹ پرمنحصر نہیں بندش سے فرق نہیں پڑے گا، چیف الیکشن کمشنر
اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجا کا کہنا ہے کہ ہمارا سسٹم انٹرنیٹ پر منحصر نہیں بندش سے فرق نہیں پڑے گا۔
الیکشن کمیشن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا کہ موبائل سروس معطلی کی خبریں میڈیا پر دیکھیں۔ انٹرنیٹ بند ہونے سے ہمارے سسٹم پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پوری طرح تیار ہے۔ انتخابات صاف و شفاف ہوں گے۔ ووٹر اپنی مرضی کے امیدوار کو آزادی سے ووٹ ڈالیں۔ انتخابات قومی فریضہ ہے ہم سب کو اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔
مزید پڑھیں: ملک بھر میں عام انتخابات کیلیے پولنگ کا آغاز
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے 2 واقعات ہوئے ہیں اور لوگ شہید ہوئے ہیں۔امن و امان کے اداروں نے انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا فیصلہ ہے۔ کمیشن اپنی سفارشات دے سکتا ہے مگر کمیشن کو مداخلت نہیں کرنی چاہیئے۔ ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروس بحالی کے لیے ہدایت نہیں دیں گے۔