انٹرٹینمنٹ

اہلیہ سے طلاق کی وجہ میری موجودہ گرل فرینڈ نہیں، اداکار عمران خان

ممبئی: بالی ووڈ سُپر اسٹار عامر خان کے بھانجے اور اداکار عمران خان نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کی اور سابقہ اہلیہ کے درمیان طلاق کی وجہ موجودہ گرل فرینڈ نہیں ہیں لہٰذا لوگ اُن کی گرل فرینڈ پر گھر برباد کرنے کا الزام لگانا بند کریں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار عمران خان اور اُن کی گرل فرینڈ لیکھا واشنگٹن کے تعلقات کی افواہیں کافی عرصے سے گردش کر رہی ہیں، دونوں کو اکثر ایک ساتھ دیکھا گیا ہے اور عمران خان نے اپنی کزن آئرا خان کی شادی میں بھی گرل فرینڈ کے ہمراہ شرکت کی تھی لیکن اداکار نے کبھی لیکھا کے ساتھ اپنے تعلقات کی تصدیق نہیں کی تھی۔

اب بالآخر عمران خان نے خاموشی توڑتے ہوئے نہ صرف لیکھا کے ساتھ اپنے تعلقات کی تصدیق کی ہے بلکہ لیکھا پر لگنے والے الزامات پر بھی شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔

عمران خان نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ میری سابقہ اہلیہ سے طلاق ہوچکی ہے، ہم فروری 2019 میں ہی الگ ہوچکے تھے جبکہ اب میں لیکھا واشنگٹن کے ساتھ رومانوی تعلقات میں ہوں۔

مزید پڑھیں: عمران خان کا ‘جانے تو یا جانے نا‘ کے سیکوئیل کے ساتھ واپسی کا عندیہ

اداکار نے کہا کہ اہلیہ سے علیحدگی کے تقریباََ ایک سے ڈیڑھ سال کے بعد لاک ڈاؤن کے دوران لیکھا واشنگٹن میری زندگی میں آئیں لہٰذا میں جب لیکھا سے ملا تو اُس وقت میرا اپنی سابقہ اہلیہ اونتیکا ملک کے ساتھ کوئی تعلق قائم نہیں تھا۔

اُنہوں نے گرل فرینڈ پر لگنے والے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ لیکھا کو گھر برباد کرنے والی خاتون کہا جاتا ہے، یہ سُن کر مجھے بہت غصہ آتا ہے کیونکہ یہ سب جھوٹ ہے، اہلیہ کے ساتھ طلاق کی وجہ لیکھا نہیں ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان نے سال 2011 میں اونتیکا ملک سے شادی کی تھی اور سال 2014 میں ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی لیکن بدقسمتی سے اس جوڑی کی شادی زیادہ عرصے تک نہ چل سکی اور 2019 میں دونوں نے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button