عمران خان نے الیکشن میں دھاندلی سے متعلق آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا
بانی تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن میں دھاندلی کے حوالے سے آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا۔
عدالت میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا ہے آج خط چلا گیا ہوگا وہ خط اس لیے لکھا ہے کہ اگر ایسے حالات میں ملک کو قرضہ ملا تو واپس کون کرے گا؟
یہ پڑھیں : عمران خان کا الیکشن میں دھاندلی کیخلاف آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ اس قرض سے غربت بڑھے گی، جب تک سرمایہ کاری نہ آئی قرض بڑھتا جائے گا، سب سے پہلے ملک میں سیاسی استحکام لایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے نواز شریف کی سلیکشن کے لیے اداروں کو تباہ کیا گیا، عدالتیں، نیب سب کچھ تباہ کیا گیا تاکہ نواز شریف کو سلیکٹ کرسکیں، نواز شریف کے لیے مجھے زیرو کیا گیا پھر انتخابات میں دھاندلی کرائی گی۔
عمران خان نے مزید کہا کہ اب کمشنر راولپنڈی کے انکشافات سامنے آئے ہیں، کمشنر پنڈی کو اٹھا کر تشدد کیا گیا، ویگو ڈالا اٹھا کر لے گیا اور اب اس کا سافٹ وئیر اپ ڈیٹ کردیا ہے۔