بالی ووڈ کے امیر ترین اسٹار شاہ رخ خان کے کُل اثاثے کتنے ہیں؟
ممبئی: سال 2023-24 میں سب سے زیادہ انکم ٹیکس ادا کرنے والے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے کُل اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
شاہ رخ خان نے اپنے 30 سالہ کیریئر میں درجنوں بالی ووڈ فلموں میں شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، میگا اسٹار کامیاب اداکار ہونے کے ساتھ امیر ترین بالی ووڈ اداکار، پروڈیوسر اور کاروباری شخصیت بھی ہیں۔
ہورون انڈیا رچ لسٹ کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان بالی ووڈ کے امیر ترین اداکاروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں اور کنگ خان کے رواں سال کی کُل دولت 7300 کروڑ رہی۔
شاہ رخ خان کی آمدنی کے مختلف ذرائع ہیں جن میں بنیادی ذریعہ بالی ووڈ فلموں سے ملنے والا معاوضہ ہے، اس کے علاوہ، اداکار اپنی پروڈکشن کمپنی کے بینر تلے بننے والے پراجیکٹس اور مختلف برانڈز کے ساتھ معاہدوں کے ذریعے بھی پیسہ کماتے ہیں۔
مزید پڑھیں: ٹیکس دہندگان کی فہرست میں بھی شاہ رخ خان کی بادشاہت برقرار
کنگ خان کے فلمی معاوضے کی بات کریں تو اداکار اپنی ایک فلم کے لیے تقریباً 12 ملین سے 30 ملین ڈالر بطورِ معاوضہ وصول کرتے ہیں، انہوں نے سال 2023 میں ریلیز ہونے والی اپنی فلم ‘جوان’ کے لیے تقریباً 12 ملین ڈالر معاوضہ وصول کیا تھا جوکہ بھارتی 100 کروڑ روپے بنتے ہیں۔
اداکار نے بھارت کے علاوہ دبئی اور لندن میں بھی جائیدادوں میں سرمایہ کاری کی ہوئی ہے، ممبئی میں ان کی رہائش گاہ ‘منت’ کی قیمت تقریباً 200 کروڑ بھارتی روپے ہے۔
اس کے علاوہ، شاہ رخ خان انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے شریک مالک بھی ہیں جو اُن کی آمدنی کا ایک خاص اور بڑا ذریعہ ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان کے پاس قیمتی گاؑڑیاں بھی موجود ہیں جن میں بی ایم ڈبلیو 18، رولز رائس فینٹم، آڈی اے 6، مرسڈیز ایس کلاس، بینٹلے کانٹینینٹل جی ٹی، ہندائی کریٹا اور رینج روور ووگ سمیت دیگر شامل ہیں۔