کھیل
سات ماہ کی حاملہ مصری ایتھلیٹ بھی پیرس اولمپکس میں شریک
پیرس اولمپکس میں مصر کی نمائندگی کرنے والی ندا حفیظ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ سات ماہ کی حاملہ ہیں۔
قاہرہ سے تعلق رکھنے والی 26 سالہ ندا حفیظ نے اپنے پہلے میچ میں امریکی حریف کو شکست دی لیکن راؤنڈ آف 16 میں جنوبی کوریا کی کھلاڑی سے ہار گئیں۔
ندا حفیظ نے انسٹاگرام پر انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ تلوار بازی کے مقابلے میں دو نہیں بلکہ تین ’کھلاڑی‘ حصہ لے رہے تھے جن میں میرے ساتھ دنیا میں آنے والا ایک جونیئر اولمپئن بھی تھا۔
انہوں نے خود کو درپیش چیلنجز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حمل کا رولر کوسٹر اپنے طور پر مشکل ہے لیکن زندگی اور کھیلوں کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے لڑنا کسی مشکل سے کم نہیں تھا۔
تیسری بار اولمپکس میں حصہ لینے والی ندا کا کہنا تھا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ ان کے شوہر اور خاندان کا اعتماد ہے جس کی وجہ سے وہ اس حد تک پہنچ سکیں۔