کھیل

ڈی ویلیئرز کا یوٹرن، انوشکا اور کوہلی کے ہاں دوسرے بچے کی آمد کی تردید

ممبئی: جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور بالی ووڈ اسٹار انوشکا شرما کے ہاں دوسرے بچے کی آمد کی خبر کی تردید کردی۔

گزشتہ دنوں جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے اپنے یوٹیوب چینل پر انکشاف کیا تھا کہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے اس لیے بھارتی بلے باز نے اپنی اہلیہ کو وقت دینے کیلئے انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچز سے وقفہ لیا ہے۔

اے بی ڈی ویلیئرز کے انکشاف کے بعد یہ خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی تھی لیکن ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کی طرف سے اس خبر پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تھا جبکہ مداحوں نے اس خبر کو سچ سمجھ لیا تھا۔

 

تاہم، اب اے بی ڈی ویلیئرز نے شاندار یوٹرن لیتے ہوئے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اُن سے غلطی ہوگئی ہے، ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کے دوسرے بچے کی توقع کی خبر درست نہیں ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اے بی ڈی ویلیئرز نے اپنے بیان میں کہا کہ میں نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک بہت بڑی غلطی کی تھی، وہ معلومات غلط تھں، اس خبر میں کوئی صداقت نہیں۔

مزید پڑھیں: انوشکا اور کوہلی کے ہاں دوسرے ننھے مہمان کی خبریں پھر گرم

اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا کہ خاندان پہلے ہے اور کرکٹ بعد میں ہے، میں اس بارے میں نہیں جانتا کہ ویرات کوہلی نے انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچز سے وقفہ کیوں لیا لیکن میں ان کے اور اُن کے اہلخانہ کے لیے نیک خواہشات رکھتا ہوں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ سیریز سے وقفہ لینے کی وجہ کچھ بھی ہو لیکن مجھے امید ہے کہ ویرات کوہلی اپنے اہلخانہ کے ہمراہ بالکل ٹھیک ہوں گے اور مضبوطی کے ساتھ کرکٹ میں واپسی کریں گے۔

واضح رہے کہ ویرات کوہلی نے ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف جاری سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ میچوں سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

بی سی سی آئی نے اپنے بیان میں شائقین اور میڈیا پر زور دیا تھا کہ وہ کوہلی کے فیصلے کی وجوہات کے بارے میں قیاس آرائیاں نہ کریں اور خاندان کی رازداری کو برقرار رکھیں۔

مزید پڑھیں: انوشکا شرما کے حاملہ ہونے کی تصدیق، ویڈیو وائرل

یاد رہے کہ ستمبر میں بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ انوشکا شرما اپنے دوسرے بچے کی توقع کر رہی ہے، اُنہیں حال ہی میں اپنے شوہر ویرات کوہلی کے ہمراہ ممبئی کی ایک میٹرنٹی کلینک میں دیکھا گیا تھا۔
ویرات کوہلی اور انوشکا شرما 2017 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ اسٹار جوڑے کے ہاں جنوری 2021 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام اُنہوں نے وامیکا رکھا تھا اور اس سال جنوری میں اپنی بیٹی کی تیسری سالگرہ منائی تھی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button