اسٹیڈیمز کی رینوویشن چمپیئنز ٹرافی سے پہلے مکمل کرلیں گے، چیئرمین پی سی بی
لاہور: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسٹیڈیمز کی رینوویشن بہت بڑا چیلنج ہے اور تینوں اسٹیڈیمز کی رینوویشن چمپیئنز ٹرافی سے پہلے مکمل کر لیں گے۔
قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ انٹرنیشنل فرم بی ڈی بی نے اس کنٹریکٹ میں کوالیفائی کیا، تعمیراتی کام دن رات جاری ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ دنیا کے اسٹیڈیمز کے برعکس پاکستان کے اسٹیڈیمز غیر معیاری ہیں، ہمارے اسٹیڈیم دنیا کے مقابلے میں بہت پیچھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے بغیر تماشائیوں کے میچز کرانے کا سوچا لیکن سیکیورٹی اداروں نے تعمیراتی کام بھی روکنے کا کہا۔ اسلام آباد میں نیا اسٹیڈیم بنایا جائے گا، پشاور اسٹیڈیم کے انتظامات کے لیے کے پی حکومت سے بات چل رہی ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اسٹیڈیمز کی رینوویشن کے حوالے سے آئی سی سی سے رابطے میں ہے، چمپیئنز ٹرافی کے لیے آئی سی سی وفد کے آنے سے پہلے رینوویشن کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔
قبل ازیں، چیئرمین پی سی بی نے قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور اَپ گریڈیشن پراجیکٹ کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اَپ گریڈیشن پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا جبکہ نے بیسمنٹ کے لیے کھدائی کے کام کا بھی معائنہ کیا۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ کھدائی کے کام کو جلد مکمل کیا جائے، پراجیکٹ پر دن رات کام کرکے مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے جبکہ بارشوں کو مدنظر رکھ کر تعمیراتی کام کی پلاننگ کی جائے۔