بیرون ملک جانے پر پابندی: قانون میں ایسی فہرستوں کی کوئی گنجائش نہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد: فیصل آباد سے رکن قومی اسمبلی رائے حیدر علی کا نام پی این آئی ایل سے نکلوانے کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکریٹری داخلہ، ایف آئی اے اور ڈی جی پاسپورٹ کو نوٹس جاری کر دیے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے عدالت میں موجود ڈپٹی اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو روسٹرم پر طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کر کے 25 اپریل کو جواب طلب کر لیا۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ کیوں لوگوں کے نام ایسی لسٹوں میں ڈال رہے ہیں؟ یہ ساری لسٹیں کون بناتا ہے، پتہ نہیں کون یہ سارے نام ڈال رہا ہے، قانون میں ایسی لسٹوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ میرے موکل فیصل آباد سے منتخب ایم این اے ہیں، میرے موکل نے بیرون ملک جانا تھا لیکن ایئرپورٹ پر روک لیا گیا، بتایا گیا کہ نام پی این آئی ایل میں ہونے کی وجہ سے نہیں جا سکتے۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ پرانے نام تو بہت سے نکل گئے ہیں، باقی دیکھ لیتے ہیں کون سے رہ گئے ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بہت سے نکل گئے تو بہت سے ابھی نہیں بھی نکلے، ان کو بھی دیکھیں، کبھی کسی کا پاسپورٹ ضبط کر لیتے ہیں تو کبھی اسٹاپ لسٹ میں نام ڈالتے ہیں، ایسے نہ کریں، 25 اپریل کی تاریخ دے رہا ہوں، متعلقہ افسر کو بلائیں اور رپورٹ پیش کریں۔
عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 25 اپریل تک ملتوی کر دی۔