انٹر نیشینل

نائیجیریا میں 130 سے زائد مغوی اسکول کے بچے بازیاب

ابوجا: نائیجیریا حکومت نے کہا ہے کہ رواں ماہ کے شروع میں اسلحے کے زور پر اغوا کیے گئے 130 سے زائد بچوں کو تاوان کی ڈیڈلائن سے قبل بحفاظت بازیاب کرادیا گیا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق حکومت کے ترجمان عبدالعزیز عبدالعزیز نے بتایا کہ ریاست کاڈونا کے قصبے کوریگا میں 7 مارچ کو اغوا ہونے والے بچوں کی بازیابی کے لیے پس پردہ کئی اقدامات کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ تمام بچوں کو رہائی دلوائی گئی ہے اور وہ بالکل خیریت سے ہیں اور بچوں کی مجموعی تعداد 137 بتائی جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق 286 طلبہ اور عملے کے ایک رکن کی فہرست سے بہت کم ہے۔

ترجمان نے دعویٰ کیا کہ میڈیا کی رپورٹس درست نہیں ہیں تاہم مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا۔

پارٹنرز ویسٹ افریقہ-نائیجیریا نامی تنظیم کے رکن کیمی کینئیوڈو کے مطابق تعداد میں ہیر پھیر کی وجہ احتساب کا نہ ہونا اور تمام شعبوں میں عدم توجہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ عوام کو درست معلومات نہیں دی جا رہی ہیں کہ دراصل کتنے بچے اغوا ہوئے تھے۔

اس سے قبل کاڈونا کے گورنر عوبا ثانی نے بیان میں کہا تھا کہ قومی سلامتی کے مشیر کے ماتحت سیکیورٹی آپریشن کے بعد مغویوں کو بازیاب کروایا گیا ہے۔

گورنر کا کہنا تھا کہ ہم تمام شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اسکول کے مغوی بچوں کی بخیریت واپسی کے لیے کام کیا اور آج خوشی کا دن ہے، نائیجیریا کی فوج نے خصوصی داد کی مستحق ہے جس نے حوصلہ، بہادری اور عزم کا مظاہرہ کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کو ختم کرکے تمام شہریوں کی سلامتی یقینی بنائی جاسکے۔

اغوا کاروں نے اسکول کے بچوں اور عملے کی رہائی کے لیے گزشہ ہفتے ایک ارب نائرا تاوان کی ادائیگی کا مطالبہ کیا تھا اور دھمکی دی تھی کہ 20 روز کے اندر تاوان کی عدم ادائیگی کی صورت میں مغویوں کو قتل کردیا جائے گا۔

دوسری جانب نائیجیریا کے صدر بولا ٹینوبو نے کہا تھا کہ تاوان کی ادائیگی نہیں ہوگی کیونکہ 2022 میں حملہ آوروں کے خاتمے کے بعد اس طرح کے اقدامات پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

خیال رہے کہ نائیجیریا میں نومبر 2021 کے بعد طلبہ کے اغوا کے یہ سب سے بڑا واقعہ ہے جبکہ نائیجیریا میں مسلح افراد کی جانب سے اسکولوں کے بچوں کے اغوا کے واقعات اکثر پیش آتے ہیں۔

ریاست سوکوٹو کے گاؤں گیدان باکوسو میں 9 مارچ کو ایک اسکول سے 15 بچوں کو اغوا کیا گیا تھا، اس سے قبل 18 مارچ کو کاڈونا کے علاقے کاجورا میں خواتین سمیت 87 بچوں کو اغوا کرلیا گیا تھا۔

 

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button