ہائی کورٹ ججز کے خط پر چیف جسٹس کی زیرصدارت فل کورٹ اجلاس آج بھی ہوگا
اسلام آباد: ہائی کورٹ ججز کی جانب سے لکھے گئے خط پر عدالت عظمیٰ کا فل کورٹ اجلاس چیف جسٹس آف پاکستان کی زیر صدارت اجلاس دو گھنٹے بعد ختم ہوا اور یہ بیٹھک آج دوبارہ ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کی جانب سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھے گئے خط پر چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس 2 گھنٹے سے ججز کمیٹی روم میں ہوا۔
ذرائع کے مطابق فل کورٹ اجلاس میں سپریم کورٹ کے تمام ججز شریک ہوئے، جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کی آئینی و قانونی حیثیت پر غور کیا گیا جبکہ ججز نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ ججز کا فل کورٹ اجلاس آج دوبارہ ہوگا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: ہائیکورٹ ججز کا خط؛ انکوائری کمیشن تشکیل کیلیے درخواست سپریم کورٹ میں دائر
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط کے معاملے پر اٹارنی جنرل نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے حوالے سے لکھے گئے خط کے بارے میں غور کیا گیا۔ بعد ازاں اٹارنی جنرل نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ ججز کے خط کا معاملہ سنجیدہ ہے، جس کی تحقیق ہونی چاہیے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے پر پاکستان بار کونسل نے بھی 5 اپریل کو ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں پاکستان بار کونسل موجودہ صورتحال پر آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی۔