مغربی کنارے میں القسام بریگیڈ کے حملے میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک
تل ابیب: مغربی کنارے میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے اسرائیلی فوجیوں کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں 4 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ کارروائی مغربی کنارے کے شہر طولکرم میں اس وقت کی گئی جب اسرائیلی فوج کے اہلکار چھاپا مار کارروائی کے بہانے فلسطینی پناہ گزین کیمپ کی جانب بڑھ رہے تھے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے القسام بریگیڈ سے دوبدو جھڑپ میں اپنے ایک اہلکار کی ہلاکت اور 7 کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ القسام بریگیڈ نے ہلاکتوں کی تعداد غلط بتائی ہے۔
یہ خبر پڑھیں : اقوام متحدہ ایک ’یہود دشمن ادارہ‘ بن چکا ہے، اسرائیل
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت 21 سالہ ایلی ڈیوڈ گرفینکل کے نام سے ظاہر کی ہے جو مغربی کنارے کے مقامی رجمنٹ میں تعینات تھا تاہم زخمیوں کی صحت سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی۔
ترجمان اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ فوجی اہلکاروں پر حملہ کرنے والوں کی شناخت کر لی ہے۔ حملہ آوروں کی قیادت القسام بریگیڈ کے کمانڈر 32 سالہ مجاہد منصور نے کی تھی۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کے بقول حملہ آور مجاہد منصور القسام بریگیڈ میں شمولیت سے قبل فلسطینی صدر کے محافظ دستے کا حصہ تھا۔