انٹرٹینمنٹ

عامر خان نے کرن راؤ کیوجہ سے پہلی اہلیہ کو طلاق دی تھی؟

ممبئی:  بالی ووڈ اسٹار عامر خان کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ نے اُن پر لگنے والے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عامر خان اور رینا دتہ (پہلی سابقہ اہلیہ) کی طلاق وجہ نہیں۔

عامر خان کا شمار بالی ووڈ کے نامور اداکاروں میں ہوتا ہے، اپنی شاندار اداکاری کی وجہ سے اُنہوں نے ہمیشہ اپنے مداحوں کا دل جیتا ہے۔  پیشہ ورانہ زندگی کے علاوہ، عامر خان کی نجی زندگی بھی ہمیشہ سے ہی موضوع بحث رہی ہے۔

1996 میں عامر خان نے رینا دتہ سے شادی کی تھی جن سے ان کا ایک بیٹا جنید خان اور بیٹی آئرا خان ہے لیکن شادی کے 16 سال بعد اس جوڑی کی طلاق ہوگئی تھی اور اس طلاق کے بعد عامر خان نے کرن راؤ سے شادی کی۔

عامر خان اور کرن راؤ کی پہلی ملاقات فلم ‘لگان’ کے سیٹ پر ہوئی تھی، جو 2002 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس فلم کی ریلیز کے ایک سال بعد ہی رینا دتہ اور عامر خان نے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ کرن راؤ اور عامر خان کے درمیان رومانوی تعلقات قائم تھے، اسی وجہ سے اداکار نے رینا دتہ کو طلاق دی تھی، تاہم اب کرن راؤ نے اُن پر لگنے والے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔

مزید پڑھیں: بطورِ شوہر عامر خان میں کونسی کمی تھی؟ سابقہ اہلیہ کرن راؤ نے بتایا

کرن راؤ نے کہا کہ فلم ‘لگان’ کے سیٹ پر میری عامر خان سے ملاقات ضرور ہوئی تھی لیکن اُن سے بات نہیں ہوسکی تھی اور میں اُس وقت کسی دوسرے شخص کے ساتھ تعلقات میں تھی۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم ‘لگان’ کی شوٹنگ کے 3 سے 4 سال بعد تک نہیں ملے تھے، پھر 2004 میں شاہ رخ خان کی فلم ‘سودیس’ کے دوران ہماری ملاقات ہوئی، اُس وقت عامر خان اپنی فلم ‘منگل پانڈے’ کی شوٹنگ کے لیے جا رہے تھے۔

کرن راؤ نے کہا کہ جب ہماری ملاقاتیں بڑھنے لگیں اور ہم میڈیا کے سامنے آنے لگے تو لوگوں کو یہی لگا کہ فلم ‘لگان’ کی شوٹنگ کے وقت سے ہمارے درمیان رومانوی تعلقات قائم تھے، لوگوں نے کہنا شروع کردیا تھا کہ میری وجہ سے عامر خان نے رینا دتہ کو طلاق دی جبکہ یہ حقیقت نہیں تھی۔

واضح رہے کہ رینا دتہ سے طلاق کے بعد عامر خان نے سال 2005 میں کرن راؤ سے دوسری شادی کی تھی جن سے اُن کا بیٹا آزاد خان ہے، اداکار کی دوسری شادی بھی نہ چل سکی اور 2021 میں دونوں میں طلاق ہوگئی تھی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button