سلمان خان، کترینہ ‘ایک تھا ٹائیگر’ میں ساتھ کام کرنے پر خوش کیوں نہیں تھے؟
ممبئی: بالی ووڈ کی سُپر ہٹ فلم ‘ایک تھا ٹائیگر’ کے ہدایتکار کبیر خان نے انکشاف کیا ہے کہ دبنگ اسٹار سلمان خان اور کترینہ کیف فلم میں ساتھ کرنے پر خوش نہیں تھے کیونکہ دونوں کے تعلقات خراب ہوگئے تھے۔
ماضی میں سلمان خان اور کترینہ کیف نے چار سال تک ایک دوسرے کو ڈیٹ کیا، اس عرصے کے دوران دونوں کی شادی سے متعلق بھی خبریں سامنے آئی تھیں، دونوں اسٹارز نے بالی ووڈ کو کئی کامیاب فلمیں بھی دیں۔مداحوں کی جانب سے سلمان خان اور کترینہ کیف کی جوڑی کو ہمیشہ پسند کیا گیا اور کترینہ، وکی کوشل کی شادی سے پہلے تک مداح یہی چاہتے تھے کہ سلمان خان اور کترینہ کیف شادی کرلیں لیکن دونوں اسٹارز نے مداحوں کا یہ خواب اُسی وقت توڑ دیا تھا جب انہوں نے سال 2009 میں اپنی راہیں جُدا کرلی تھیں۔
سلمان خان سے بریک اپ کے بعد کترینہ کیف نے ایک فیشن میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ سلمان خان کے ساتھ تعلقات میں کافی سنجیدہ تھیں لیکن اس کے باوجود اُن کا تعلق ٹوٹ گیا۔
بریک اپ کے فوراََ بعد سلمان خان اور کترینہ کیف سُپر ہٹ فلم ‘ایک تھا ٹائیگر’ میں نظر آئے، اس فلم میں دونوں نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، مداحوں نے فلم میں ان کی جوڑی کو خوب پسند بھی کیا تھا۔
مزید پڑھیں: “ٹائیگر 3″ نے سلمان خان کی تمام فلموں کو پیچھے چھوڑ کر ریکارڈ بنا ڈالا
اب فلم کی ریلیز کے تقریباََ 11 سال بعد ‘ایک تھا ٹائیگر’ کے ہدایتکار کبیر خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ بریک اپ کے فوراً بعد سلمان خان اور کترینہ کیف کو ایک ساتھ فلم میں کاسٹ کرنا بہت مشکل تھا۔
کبیر خان نے کہا کہ ‘ایک تھا ٹائیگر’ کے فلمسازوں نے سلمان خان سے رابطہ کرنے سے پہلے ہی کترینہ کیف کو زویا کے کردار کے لیے سائن کر لیا تھا اور اس کے بعد سلمان خان سے ٹائیگر عرف اویناش سنگھ راٹھور کے مرکزی کردار کے لیے رابطہ کیا گیا تھا۔
ہدایتکار نے مزید کہا کہ سلمان خان اور کترینہ کیف کے لیے فلم میں ساتھ کام کرنا آسان نہیں تھا، وہ دونوں خوش نہیں تھے کیونکہ فلم کی کاسٹنگ سے کچھ عرصہ پہلے ہی دونوں کا بریک اپ ہوا تھا۔
واضح رہے کہ ٹائیگر فرنچائز کی اب تک تین فلمیں ریلیز ہوچکی ہیں، تینوں فلموں میں سلمان خان اور کترینہ کیف نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں، 2012 میں ’ایک تھا ٹائیگر‘، 2017 میں ’ٹائیگر زندہ ہے‘ اور 2023 میں ’ٹائیگر 3 ‘ ریلیز ہوئی تھی۔