کھیل

حسن علی نے فیلڈ میں دلچسپ حرکتوں کی وجہ بتا دی

حسن علی نے فیلڈ میں دلچسپ حرکتوں کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’میرے اندر بچپنا ہے، جسے کھونا نہیں چاہتا‘۔

فاسٹ بولر کہتے ہیں کہ اگر میری کسی حرکت سے شائقین خوش ہوتے ہیں تو مجھے پھر کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ بابراعظم کی جانب سے 100 ڈالرز کے چیلنج پر کورز پر سلائیڈ کی تھی، مزید 5 سے 6 برس تک کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں، ریڈ بال کرکٹ کھیلے بغیر کوئی بڑا پلیئر نہیں بن سکتا۔

 

تفصیلات کے مطابق فاسٹ بولر حسن علی فیلڈ میں میچز کے دوران اور بریک میں بھی کافی دلچسپ حرکتیں کرتے ہوئے بھی دکھائی دیتے ہیں۔ حال ہی میں آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز کے دوران وہ فیلڈنگ کے دوران ہی ایکسرسائز کرتے ہوئے دکھائی دیے جس پر ان کے عقب میں شائقین بھی ویسے ہی کر رہے تھے۔

ایکسپریس ٹی وی کے پروگرام ’شعیب اختر شو‘ میں بات چیت کے دوران حسن علی نے تسلیم کیا کہ ان کے اندر بچپنا موجود ہے اور وہ اس کو ختم نہیں ہونے دینا چاہتے۔

انھوں نے بتایا کہ گزشتہ برس بارش کی وجہ سے جب کورز پر پانی جمع تھا تو بابراعظم نے مجھے چیلنج دیا کہ اگر میں جاکر اس پر سلائیڈ کرتا ہوں تو وہ مجھے 100 ڈالر دیں گے، مجھے تو موقع چاہیے تھا فوراً گراؤنڈ میں پہنچ کر سلائیڈ لی، آپ نے مجھے ڈانس کرتے ہوئے بھی دیکھا، ان سب چیزوں سے اگر شائقین کو خوشی ملتی ہے تو پھر مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

نوجوان کھلاڑیوں کے ٹی 10 اور ٹی 20 کی جانب راغب ہونے کے حوالے سے حسن علی کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ کوئی بھی 4 روزہ کرکٹ کھیلے بغیر بڑا پلیئر نہیں بن سکتا کیونکہ اسی میں ہی آپ کھیل کی تکنیک سیکھتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ میں مزید 5 سے 6 برس تک کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں، میرے لیے تینوں فارمیٹس میں بولنگ کوئی مسئلہ نہیں ہے، کام کے بوجھ کو عمدگی سے ہینڈل کر رہا ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں حسن علی کا کہنا تھا کہ مجھے اور میری اہلیہ دونوں کو ہی ملک گھومنے کا بہت شوق ہے، دبئی بہت زیادہ جاتے ہیں، ہوسکتا ہے کہ مستقبل میں ہم دبئی میں ہی سکونت اختیار کرلیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button