حزب اللہ نے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل داغ دیے
تل ابیب : (ویب ڈیسک ) اسرائیل نے جنوبی لبنان میں درجنوں سرحدی دیہات پر شدید حملے کیے جس کے بعد حزب اللہ نے آج بدھ کے روز اسرائیل کی جانب میزائل داغے ہیں ۔
عرب میڈیا کے مطابق آج لبنان کی جانب سے زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائلوں کے داغے جانے کے بعد اسرائیل کے کئی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے، حیفا کے مضافات میں میزائلوں کو فضا میں روک دیا گیا جب کہ کارروائی میں نتانیا کے اطراف کے علاقے کو بھی ہدف بنایا گیا۔
ادھر شمالی اسرائیل میں نہاریا میں ایک ڈرون طیارہ گرنے کے سبب ایک فیکٹری کو نقصان پہنچا۔
اس سے قبل منگل کے روز اسرائیلی ٹینکوں کی بڑی تعداد لبنانی قصبے الخیام کے مشرقی اطراف داخل ہو گئے، جنوبی لبنان میں زمینی آپریشن شروع ہونے کے بعد یہ دور ترین مقام ہے جہاں اسرائیلی فوج پہنچی ہے۔
منگل کو حزب اللہ نے اپنے بیانات میں تصدیق کی کہ اس نے الخیام کے جنوبی اور مشرقی جانب اسرائیلی فوجیوں کو راکٹوں اور توپ کے گولوں کے ذریعے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک اسرائیلی ٹینک میں آگ لگ گئی اور اس کے اندر موجود عملے کے ارکان ہلاک اور زخمی ہو گئے۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے 23 ستمبر سے بیروت کے جنوبی مضافات کے علاوہ جنوبی لبنان اور البقاع پر اپنے حملے شدید کر دیے، لبنانی وزارت صحت کے مطابق 23 ستمبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں اموات کی تعداد 1700 سے زیادہ ہو چکی ہے۔