خالصتان کے قیام کیلئے کینیڈا کے شہر کیلگری میں ریفرنڈم
ٹورنٹو: سکھ فار جسٹس کے زیراہتمام سکھوں کے علیحدہ وطن خالصتان کے قیام کیلئے کینیڈا کے شہر کیلگری میں ریفرنڈم کا انعقاد کیا گیا۔
ریفرنڈم رکوانے کیلئے بھارت کی تمام کوششیں ناکام ہوگئیں۔ کیلگری میں ہزاروں سکھ ووٹ ڈالنے کیلئے گھروں سے نکل آئے۔
پرامن ماحول میں ووٹنگ کا آغاز ہوا اور ووٹنگ کے آغاز سے قبل دعائیہ تقریب بھی منعقد ہوئی۔ ریفرنڈم میں شہدا کے خاندان کے افراد نے ووٹ ڈال کر ووٹنگ کا آغاز کیا۔
دعائیہ تقریب کے بعد مذہبی اور خالصتان کے قیام کیلئے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ ووٹنگ سینٹر کی فضا خالصتان لے کر رہیں گے اور دہلی بنے کا خالصتان کے نعروں سے گونجتی رہی۔
مزید پڑھیں: امریکا میں خالصتان رہنما کو قتل کرانے کی منظوری ’را‘ کے سربراہ نے دی؛ واشنگٹن پوسٹ
ووٹنگ کا وقت شروع ہونے سے قبل ہی ووٹ ڈالنے کے لئے طویل قطاریں لگ گئی تھیں۔ ہزاروں سکھ، خواتین اور بوڑھے افراد نے ووٹ کاسٹ کیا۔
ووٹ ڈالنے والے سکھ کمیونٹی کے افراد نے اظہار خیال کیا کہ بھارت کچھ بھی کرلے سکھوں کی تحریک کو روک نہیں سکتا۔
واضح رہے کہ کینیڈا میں تقریبا دس لاکھ اور کیلگری میں ایک لاکھ سے زائد سکھ آباد ہیں۔