پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت 2 مقدمات سے بری
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے رہنماء اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو 2 مقدمات سے بری کر دیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے کیسز کی سماعت ہوئی۔
کیسز کی سماعت محمد عباس شاہ سنیئر سول جج نے کی۔ دونوں مقدمات میں نامزد دیگر ملزمان عدالت پیش نہیں ہوئے تاہم شیر افضل پیش ہوئے۔
عدالت نے شیر افضل مروت کو دونوں مقدمات سے بری کر دیا جبکہ باقی ملزمان کی حد تک کیسز کی سماعت 11 نومبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ ملزمان کیخلاف تھانہ کوہسار میں مقدمات درج ہیں۔
چند روز قبل شیر افضل مروت نے کہا تھا کہ اگر ایک لاکھ سے زائد پاکستانی میرے ساتھ ڈی چوک پر احتجاج کیلئے نکلیں تو عمران خان کو رہا ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ شیر افضل مروت نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ نو مئی سے لے کر آج تک مار کھانے میں ہماری کافی تربیت ہوگئی ہے۔ پی ٹی آئی کے ورکرز کو کہنا چاہتا ہوں کہ احتجاج کو احتجاج کمیٹی کے حوالے کیا جائے اس کیلئے آپ سب مل کر آواز اٹھائیں۔