اسرائیل کے پُرہجوم علاقے میں کھڑی کار میں خوفناک دھماکا؛ 4 یہودی ہلاک اور8 زخمی
تل ابیب: اسرائیل کے شہر رملہ میں ایک بڑے اسٹور اور رہائشی عمارت کے درمیان کھڑی کار میں ہونے والے بم دھماکے میں 4 افراد ہلاک اور کم از کم 8 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کار میں بھاری مقدار میں بارودی مواد بھرا گیا تھا جو دھماکے سے پھٹ گئی۔ کار میں کوئی شخص موجود نہ تھا اور نہ ہی یہ معلوم ہوسکا کہ یہ کار کس کی تھی۔
اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے راہگیر تھے جو کار کے قریب سے گزر رہے تھے۔ ان میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ 2 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیشی عمل جاری ہے۔ ذمہ داروں کا تعین کرکے جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
یاد رہے کہ اسرائیل کے 7 اکتوبر سے جاری غزہ پر حملوں کے دوران یہ اسرائیلی سرزمین پر کی گئی سب سے بڑی کارروائی ہے جسے اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کا ردعمل قرار دیا جا رہا ہے۔
اسرائیلی وزرا نے کار دھماکے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے سخت اور کڑے انتقام کی دھمکی دی ہے۔