انٹر نیشینل

نائیجیریا میں آئل ٹینکر کے حادثے میں 140 افراد ہلاک

جیگاوا: نائیجیریا کے شمال مغربی علاقے میں آئل ٹینکر کے حادثے کے بعد ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 140 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق نائیجیریا کی پولیس اور ایمرجنسی ورکرز نے بتایا کہ شمال مغربی علاقے میں آئل ٹینکر حادثے کا شکار ہوا اور اس کے بعد اس میں دھماکا ہوا۔

پولیس کے ترجمان لاوان شیسو ایڈم نے کہا کہ ریاست جیگاوا میں رات گئے آئل ٹینکر کا حادثہ پیش آیا، جس کے بعد لوگ تیل اکٹھا کرنے کے لیے وہاں جمع ہوگئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ حادثے کے بعد جب شہریوں کی بڑی تعداد آئل ٹینکر کے گرد جمع ہوگئی تھی، جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہری حادثے کے شکار آئل ٹینکر سے تیل جمع کر رہے تھے اور اسی دوران دھماکا ہوگیا اور آگ کے شعلے بلند ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: نائیجیریا میں آئل ٹینکر کے دھماکے میں 48 افراد جاں بحق

ریاست جیگاوا کی ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی کے سربراہ ہارونا مئیریگا نے ہلاکتوں کی تعداد 147 بتائی اور کہا کہ جائے وقوع پر 97 افراد جل کر راکھ بن گئے ہیں۔

نیشنل ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی کے ترجمان نورا عبداللہ نے بتایا کہ حادثے میں 140 سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں انہیں اجتماعی نماز جنازہ کے بعد دفنا دیا گیا ہے اور خدشہ ظاہر کیا کہ ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

قبل ازیں نائیجیریا کی پولیس نے بتایا تھا کہ حادثے میں 94 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق آئل ٹینکر ریاست کانو سے 110 کلومیٹر دور ماجیا کے علاقے میں ایک ٹرک سے تصادم سے بچنے کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی نائیجیریا کے وسطی علاقے میں آئل ٹینکر ایک گاڑی سے ٹکرایا تھا اور اس کے بعد ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 48 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button