برطانیہ میں کنگ چارلس کی شبیہ والا ایک پاؤنڈ کا سکہ جاری
لندن: برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم کی تصویر والے ایک پاؤنڈ کے 30 لاکھ سکے بینکوں اور ڈاک خانوں کو جاری کردیے گئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق نئے سکے کے ایک رخ پر بادشاہ کی تصویر ہے جو نئے بادشاہ کے دور کی نشان دہی کرتا ہے جب کہ دوسرے رُخ پر شہد کی مکھیوں کا جوڑا ہے۔ جس سے بادشاہ کی فطرت سے محبت چھلکتی ہے۔
شاہ چارلس کی تصویر والے سکے جاری ہونے کے باوجود ملکہ الزبتھ دوم کی تصویر والے پرانے سکے بھی قابل قبول رہیں گے۔
شاہ چارلس کی تصویر والے نئے سکے طلب کرنے پر فراہم کیے جائیں گے۔
اسی طرح ایک پاؤنڈ کے علاوہ نئے آنے والے دیگر سکوں میں سرخ گلہری سے لے کر کیپرکیلی گراؤس تک کے جانوروں کو بھی دکھایا گیا ہے اور سکے کے کناروں پر نباتات اور حیوانات کو نمایاں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ہر سکہ رائل ہارٹیکلچرل سوسائٹی اور رائل سوسائٹی فار دی پروٹیکشن آف برڈز کے تعاون سے بنایا گیا ہے۔
سکوں کی جسامت اور شکل میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، جو وینڈنگ مشینوں، سپر مارکیٹ سیلف چیک آؤٹ اور پارکنگ میٹر میں سکوں کے اب بھی وسیع پیمانے پر استعمال کی وجہ سے اہم ہے۔
لیکن سکوں پر نمبروں کو بڑا کر کے لکھا گیا ہے تاکہ بچوں کو اعداد کی شناخت کرنے اور گننے کے عمل کو سیکھنے میں مدد ملے۔