کھیل

چیمپئنز ٹرافی؛ بھارت کی شمولیت پر جولائی میں بات ہوگی

لاہور: چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی شمولیت پر جولائی میں آئی سی سی سالانہ کانفرنس میں بات ہوگی۔

پاکستان کو آخری بار کسی آئی سی سی ایونٹ کے میچز کروانے کا موقع1996میں ملا تھا،اس وقت بھارت اور سری لنکا کے ساتھ مشترکہ میزبانی ملی،اب آئندہ سال چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد کرنے کی تیاریاں جاری ہیں.

اتوار کے روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بتایا تھا کہ آئی سی سی کی سیکیورٹی ٹیم پاکستان آئی تو میٹنگ بہت اچھی رہی تھی،انھوں نے انتظامات کا جائزہ لیا، ہمارے طرف سے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا پلان بھی شیئر کیا گیا،ہم مسلسل ان کے ساتھ رابطے میں ہیں،شیڈول بھجوا دیا گیا،اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں کہ بہترین ایونٹ کا انعقاد کروائیں۔

یہ بھی پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی کا مجوزہ شیڈول آئی سی سی کو ارسال، بھارت کے میچز شامل

دوسری جانب بھارتی میڈیا مسلسل یہ خبریں دے رہا ہے کہ ٹیم پاکستان نہیں جائے گی،چیمپئنز ٹرافی میں بلو شرٹس کی شمولیت پر جولائی میں آئی سی سی سالانہ کانفرنس میں بات ہوگی، ڈرافٹ شیڈول میں بھارت سمیت تمام ٹیموں کے میچز پاکستان میں ہی رکھے گئے ہیں، طریقہ کار کے مطابق مجوزہ شیڈول پر آئی سی سی کی متعلقہ ٹیمیں کام کرتے ہوئے بورڈز اور براڈ کاسٹرز کے ساتھ شیئر کرتی ہیں جس کے بعد حتمی تاریخوں کا اعلان کردیا جاتا ہے۔

آخری بار چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد 2017 میں انگلینڈ میں ہوا تھا،گرین شرٹس نے سرفراز احمد کی قیادت میں ٹائٹل اپنے نام کیا تھا،پی سی بی تینوں میزبان شہروں کے وینیوز قذافی اسٹیڈیم لاہور،نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور راولپنڈی اسٹیڈیم کو میگا ایونٹ سے قبل اپ گریڈ کرے گا،اس حوالے سے 7مئی کو انٹرنیشنل بڈز ہوں گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button