کرم میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 7 دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 15 اگست کو، سیکیورٹی فورسز نے کرم ضلع میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ایک انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا۔ جس کے دوران دہشت گرد (خوارج) کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔
کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے سات خوارج ہلاک ہوئے جبکہ پانچ زخمی ہوئے جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانے کو بھی تباہ کردیا۔ جہاں سے بھاری مقدار میں ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے، علاقے میں کسی بھی دیگر خوارجی کو ختم کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے جبکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
صدر مملکت کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع کرم میں خوارج دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کرتے ہوئے اُن کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا ہے۔ صدر مملکت نے فتنہ خوارج کے مکمل خاتمے کیلئے کاروائیاں جاری رکھنے کے قومی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔
وزیراعظم کی جوانوں کو شاباش
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ضلع کرم میں افواج پاکستان کی دہشتگردوں کے ٹھکانے کے خلاف کامیاب کارروائی اور فتنہ الخوارج کے سات دھشتگردوں کو جہنم واصل کرنے اور 5 کو زخمی حالت میں گرفتار کر نے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ افواجِ پاکستان وطنِ عزیز کی مٹی کو فتنہ الخوارج سے پاک کرنے کیلئے دن رات سرگرمِ عمل ہے، پاکستان کی سالمیت کیلئے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر فرائض کی انجام دہی میں مصروفِ عمل پاک فوج کے بہادر افسران و جوانوں کو مجھ سمیت پوری قوم خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت سے وطنِ عزیز کی مٹی کو پاک کرنے کے عزم میں پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ضلع کرم میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے 7 خوارج کو جہنم واصل کرکے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف برسرپیکار پروفیشنل اور باصلاحیت سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں، ہماری بہادرسکیورٹی فورسز فتنہ الخوارج کے خاتمے کیلئے پرعزم اور یکسو ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی جنگ ہے اور سکیورٹی فورسز نے اس جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔