راشد محمود لنگڑیال چیئرمین ایف بی آر تعینات
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے وفاقی سیکریٹری برائے توانائی راشد محمود لنگڑیال کو چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) تعینات کر دیا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے راشد محمود لنگڑیال کی بطور چئیرمین ایف بی آر تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، گریڈ21 کے راشد محمود لنگڑیال بطور سیکریٹری پاور ڈویڑن خدمات انجام دے رہے تھے۔
قبل ازیں ذرائع نے بتایا تھا کہ وفاقی حکومت نے نئے چیئرمین ایف بی آر کی تعیناتی کی تیاری مکمل کرلی ہے۔
خیال رہے کہ ملک امجد زبیر ٹوانہ کی جانب سے چیئرمین ایف بی آر کے عہدے سے قبل ازوقت ریٹائرمنٹ کی درخواست کے بعد وفاقی حکومت کو ایف بی آر جیسے اہم ادارے پر سربراہی کی تعیناتی کا معاملہ درپیش تھا۔
ملک امجد زبیر ٹوانہ نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے بعد 31 جولائی کو عہدے سے سبکدوشی کے لیے حکومت کو 2 ہفتوں کا نوٹس دے دیا تھا۔
ان لینڈ ریونیو سروس کے گریڈ 21 کے افسر ملک امجد زبیر ٹوانہ کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ اگلے سال 25 فروری تھی تاہم انہوں نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرتے ہوئے حکومت کو تحریری مراسلہ بھجوا دیا تھا۔