اکشے کمار کورونا کا شکار، امبانی کی شادی میں شرکت نہیں کریں گے
ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اکشے کمار گزشتہ کچھ دنوں سے نزلہ زکام اور بخار محسوس کررہے تھے، طبیعت ٹھیک نہ ہونے پر اداکار نے اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ آج آگئی ہے۔
اکشے کمار کے کورونا وائرس ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں جس کے بعد اداکار نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کرلیا ہے اور اب وہ ڈاکٹرز کی ہدایات اور احتیاطی تدابیر پر عمل کررہے ہیں تاکہ جلد از جلد صحتیاب ہوسکیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اکشے کمار آج ممبئی میں ہونے والی اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں بھی شرکت نہیں کریں گے۔
اس کے علاوہ، اکشے کمار اپنی آج ریلیز ہونے والی فلم ‘سر پھرا’ کی تشہیری مہم میں بھی شامل نہیں ہوسکیں گے۔
مزید پڑھیں: “میں سال میں 4 فلمیں کرتا ہوں تو لوگوں کو اس سے پریشانی ہوتی ہے”
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اکشے کمار تیسری بار کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں، وہ اس سے قبل عالمی وبا کے ابتدائی دنوں میں اور پھر سال 2022 میں بھی کورونا کا شکار ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ ایشیا کے امیر ترین بھارتی بزنس ٹائیکون مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی آج ہونے جارہی ہے جس میں بالی ووڈ اسٹارز سمیت دُنیا بھر کی نامور شخصیات شرکت کریں گی۔