دین پرعمل کرو تو دوست چھوڑ دیتے ہیں، دنیا دہشتگرد کہتی ہے؛ بھارتی گلوکار
ممبئی: بھارت کے معروف گلوکار لکی علی نے کہا ہے کہ اگر آج کے دور میں دین پرعمل کرو تو دوست چھوڑ دیتے ہیں اور دُنیا آپ پر دہشت گرد کا لیبل لگا دیتی ہے۔
ماضی میں بالی ووڈ فلموں کو سُپر ہٹ گانے دینے والے گلوکار لکی علی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنی ایک پوسٹ جاری کی جس نے گلوکار کے مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔
لکی علی نے اپنے ایکس پوسٹ میں کہا کہ آج کے دور میں مسلمان ہونا ایک تنہا چیز ہے کیونکہ آپ کے دین کی طرف رجحان کی وجہ سے ہر کوئی آپ کو اکیلا چھوڑ دیتا ہے۔
گلوکار نے کہا کہ اگر موجودہ دور میں آپ سنت نبویﷺ پر عمل کرتے ہیں تو آپ کے اپنے دوست ہی آپ کو اکیلا چھوڑ دیں گے اور پوری دُنیا آپ کو دہشت گرد کہہ کر پکارے گی۔
اس پوسٹ پر تبصرے کرتے ہوئے لکی علی کے مداحوں نے اُنہیں حوصلہ دیتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ اکیلے نہیں بلکہ سب اُن کے ساتھ کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ لکی علی کا اصل نام مقصود محمود علی ہے، وہ مرحوم بھارتی اداکار محمود علی کے صاحبزادے ہیں، لکی علی نے اپنی خوبصورتی گائیکی کے ذریعے کئی بالی ووڈ فلموں کو سُپر ہٹ کروایا ہے۔
لکی علی کے مقبول گانوں میں ہریتھک روشن اور امیشا پٹیل کی فلم ‘کہو نا پیار ہے’ کا گانا ‘نہ تم جانو نہ ہم’ بھی شامل ہے۔