رنبیر کپور، رنویر سنگھ، الو ارجن یا پھر یش، ‘کھل نائیک 2’ کا ہیرو کون؟
ممبئی: بالی ووڈ کے نامور فلمساز سبھاش گھئی نے 90 کی دہائی کی شہرہ آفاق فلم ‘کھل نائیک’ کے سیکوئل کا اسکرپٹ مکمل کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سبھاش گھئی ‘کھل نائیک 2′ کے مرکزی کردار ‘بلرام پرساد’ کے لیے بھارت کے چند نامور اور قابل نوجوان اداکاروں سے رابطے میں ہیں۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ فلمساز نے اس کردار کے لیے چار اداکاروں کے نام فہرست میں شامل کیے ہیں جن میں بالی ووڈ سے رنبیر کپور اور رنویر سنگھ جبکہ ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری سے الو ارجن اور یش شامل ہیں۔
کہا جارہا ہے کہ سبھاش گھئی ان چاروں اداکاروں میں سے کسی ایک اداکار کو ‘بلرام پرساد’ کے مرکزی کردار کے لیے فائنل کریں گے جبکہ ابھی تک یہ بھی واضح نہیں ہے کہ فلم کے سیکوئل میں سنجے دت بھی نظر آئیں گے یا نہیں۔
خیال رہے کہ سال 1993ء میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم ‘کھل نائیک’ میں ’بلرام پرساد‘ کا مرکزی کردار سنجے دت نے ادا کیا تھا، فلم کی دیگر کاسٹ میں مادھوری ڈکشٹ، جیکی شیروف اور انوپم کھیر شامل تھے۔
فلم ’کھل نائیک‘ کا گانا ’چولی کے پیچھے کیا ہے‘ آج تک موسیقی کی دُنیا میں سُپر ہٹ ہے، اس گانے کو دوبارہ 2024ء کی فلم ’کریو‘ میں بھی فلمایا گیا ہے۔