انٹر نیشینل

مالدیپ کا بھارت کو اپنی فوجیں 15 مارچ تک واپس بلانے کا الٹی میٹم

مالے: مالدیپ کے صدر محمد معیزو نے بھارتی فوجیوں کو 15 مارچ تک واپس اپنے ملک جانے کا الٹی میٹم دیدیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مالدیپ کے نو منتخب صدر نے یہ انتباہی بیان چین کے دورے میں صدر شی جنپنگ سے ملاقات سے واپسی کے چند روز بعد جاری کیا ہے۔

مالدیپ کے صدر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ڈاکٹر محمد معیزو اور ان کی کابینہ کی پالیسی کے مطابق مالدیپ میں اب بھارتی فوجیوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ وہ مالدیپ چھوڑ کر بھارت واپس جائیں۔

 

تاہم بیان میں مالدیپ میں موجود بھارتی فوجیوں کی تعداد نہیں بتائی گئی تاہم ایک اندازے کے مطابق مالدیپ میں تقریباً 100 کے قریب بھارتی فوجی موجود ہیں۔

یاد رہے کہ مالدیپ اور بھارت کے تعلقات ہمیشہ سے مثالی رہے ہیں تاہم 2013 میں صدر عبداللہ یامین کے دور میں دوریاں بڑھتی گئیں اور انھوں نے بھارت مخالف پالیسی جاری رکھی جسے ان کے بعد بننے والے حکمراں ابراہیم صالح نے منسوخ کرکے بھارت سے ہاتھ ملالیا تھا۔

حالیہ الیکشن میں عبداللہ یامین کو کرپشن کا الزام عائد کرکے انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا تھا جس پر انھوں نے محمد معیزو کو اپنا نمائندہ مقرر کیا اور عوام نے انھیں ووٹ دیکر صدر منتخب کرلیا۔

ڈاکٹر محمد معیزو کے صدر بننے کے بعد دوبارہ سے عبداللہ یامین کی بھارت سے متعلق پالیسی کو اختیار کیا گیا اور نئی کابینہ کے وزرا نے سوشل میڈیا پر مودی کو جوکر کہہ کر مخاطب کیا۔

جس سے بھارت اور مالدیپ کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہوا اور بات بھارتی فوجیوں کو مالدیپ کی سزرمین چھوڑ کر واپس اپنے ملک چلے جانے کے حکم تک پہنچ گئی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button