شمالی کوریا نے سمندر میں بیلسٹک میزائل چلا دیا، جنوبی کوریا کا دعویٰ
سیؤل: جنوبی کوریا کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا آج صبح سمندر کی جانب بیلسٹک میزائل داغا ہے۔
جاپانی وزیر اعظم فومیو کیشیدا کے دفتر نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تصدیق کی ہے کہ شمالی کوریا نے مشتبہ بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کا کہنا ہے کہ انہوں نے لانچ کا سراغ لگا لیا ہے تاہم انہوں نے اس حوالے سے کوئی تفصیلات نہیں دیں۔
بحیرہ مشرقی، جسے بحیرہ جاپان بھی کہا جاتا ہے، کی جانب داغے جانے والے میزائل کے بارے میں کہا گیا ہے کہ اس کے جاپان تک پہنچنے کی توقع نہیں ہے۔
اس سے قبل شمالی کوریا کا آخری میزائل تجربہ 30 مئی کو ہوا تھا جب سیئول نے پیانگ یانگ پر کم فاصلے تک مار کرنے والے 10 بیلسٹک میزائل داغنے کا الزام عائد کیا تھا۔
اس کے ایک دن بعد شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے رہنما کم جونگ ان کی تصاویر جاری کیں جن میں وہ متعدد راکٹ لانچر سسٹم کے تجربات کی نگرانی کرتے دکھائی دے رہے تھے۔
تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ جوہری ہتھیاروں سے لیس شمالی کوریا یوکرین میں استعمال کے لیے روس بھیجنے سے پہلے اپنے توپ خانے اور کروز میزائلوں کے تجربات کر رہا ہے۔