پاکستان
کراچی؛ دورانِ ڈکیتی شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک
کراچی: ناظم آباد نمبر 2 انڈر پاس کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ایک مبینہ ڈاکو ہلاک اور 2 راہ گیر زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ناظم آباد عیدگاہ کے قریب سفید کلٹس میں سوار افراد سے ڈاکو لوٹ مار کر رہے تھے، اس دوران کار میں موجود افراد نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگیا جب کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 راہگیر زخمی ہوگئے، جنہیں پولیس موبائل کے ذریعے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا۔
زخمی راہ گیروں کی شناخت 40 قدیر اور 28 سالہ ایان کے نام سے کی گئی، جنہیں سینے کے قریب گولیاں لگی تھیں۔ طبی ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پولیس نے واقعے سے متعلق مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔