بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید
سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع پلوامہ میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر گھر گھر تلاشی لی۔ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔
جارحیت پسند بھاتی فوج نے ایک گھر کو گولہ بارود سے اُڑا دیا جس کے ملبے سے دو کشمیری نوجوانوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ لاشوں کو بھارتی فوج نے پولیس کے حوالے کردیا۔
مقبوضہ کشمیر کی بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے ان نوجوانوں کو عسکریت پسند ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان مسلح تھے اور مکان پر پہنچنی والی بھارتی ٹیم پر فائرنگ میں ملوث تھے۔
دوسری جانب شہدا کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے بتایا کہ نوجوان مقامی کالج میں پڑھتے تھے اور ہاسٹل نہ ملنے کی وجہ سے اس گھر میں قیام پذیر تھے۔
بھارتی فوج کی جانب سے جاری بیان میں بھی یہ نہیں بتایا گیا کہ اگر نوجوان مسلح تھے تو ان سے برآمد ہونے والا اسلحہ کہاں ہے۔
شہید نوجوان کے والدین اپنے پیاروں کی لاشیں وصول کرنے کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی بھارتی فوج نے 8 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا جن میں سے 3 کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا جب کہ 4 گھروں کو مکمل طور پر مسمار کردیا گیا تھا۔