بھارت میں لینڈ سلائیڈنگ نے پورا گاؤں ملیامیٹ کردیا؛ 63 ہلاکتیں اور درجنوں لاپتا
نئی دہلی: بھارتی ریاست کیرالہ میں بارش اور سیلاب کے بعد لینڈ سلائیڈنگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ میں مسلسل بارشوں اور سیلاب کے باعث پہاڑ سے مٹی کا ایک بڑا تودا دیہات پر گر گیا۔ پورا گاؤں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلے میں تباہ ہوگیا۔
مٹی کے تودے تلے درجنوں گھر دب گئے۔ امدادی کاموں کے دوران ملبے سے 63 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جب کہ اب بھی ملبے میں 100 کے قریب افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
مٹی کے تودے میں گاڑیاں اور مویشی بھی دب گئے جب کہ دریائے چلیار کے سیلابی ریلے میں بھی بہت سی گاڑیاں اور افراد کے بہہ جانے کی اطلاعات ہیں۔
سیلابی ریلے کی زد میں آکر ایک پُل بھی ٹوٹ گیا۔ پُل کے ٹوٹ جانے سے متاثرہ علاقوں میں جانے والی ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
عارضی پل بنانے کی کوشش کی جا رہی ہیں۔ امدادی کاموں کے لیے فوجی ہیلی کاپٹرز بھی طلب کرلیے گئے۔ سیکڑوں افراد تاحال متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔