سکھ رہنما کے قتل کی سازش، امریکا نے بھارت کو3 ارب ڈالرکے ڈرون کی فروخت روک دی
واشنگٹن: امریکا نے بھارت کو 3 ارب ڈالر مالیت کے ڈرون کی فروخت روک دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے بھارت سے خالصتان کے حامی سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی سازش کی معنی خیز تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔
امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ گرپتونت سنگھ پنوں کے خلاف سازش کی مکمل تحقیقات تک مودی سرکار کو ڈرون فروخت نہیں کیے جائیں گے۔جون 2023 میں بھارتی حکومتی اہلکاروں کی جانب سے سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔ پنوں نیویارک میں رہائش پذیر ہیں اور امریکی اور کینیڈا کی دہری شہریت رکھتے ہیں۔
نومبر 2023 میں بھارتی ایجنٹ کو امریکی ایجنسی نے گرفتار کیا تھا جس کے بعد اس نے گرپتونت سنگھ کے قتل میں بھارتی حکام کے ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا۔گرپتونت سنگھ پر حملے سے ایک ہفتہ قبل امریکا اوربھارت کے درمیان ڈرون خریداری کا معاہدہ طے پایا تھا تاہم پنوں کے قتل کی کوشش پر ڈرون کی ڈیل کو امریکی کانگریس میں مسترد کرتے ہوئے ڈرون کی فروخت کے لیے درکار قانونی کارروائی کو منجمد کردیا۔
تین بلین ڈالر کی مجوزہ خریداری میں بھارتی بحریہ کے لیے 15 سی گارڈین ڈرون شامل تھے جبکہ بھارتی فضائیہ اور فوج کو 8، 8 اسکائی گاڈین ڈرون ملنا تھے۔