ایس ایم ایز کیلیے پہلی خصوصی کریڈٹ گارنٹی کمپنی متعارف
اسلام آباد: وزارت خزانہ اور کار انداز نے ایس ایم ایز کیلیے پاکستان کی پہلی خصوصی کریڈٹ گارنٹی کمپنی متعارف کرادی ہے جس کیلیے وزارت خزانہ اورکارانداز پاکستان کے درمیان نیشنل کریڈٹ گارنٹی کمپنی لمیٹڈ (این سی جی سی ایل ) کے قیام کی شراکت دار ی ہوگئی ہے۔
وزارتِ خزانہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق منعقدہ تقریب میں برطانوی ہائی کمیشن، ایس ای سی پی، اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کے نمائندے شریک ہوئے۔ این سی جی سی ایل پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی فنانسنگ میں مدد دے گی اور خصوصی کریڈٹ گارنٹی کی سہولت دے گی۔ اس انقلابی اقدام کا مقصدچھوٹے کاروباروں کے لیے سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنا ہے۔
نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کا مجموعی پرائیویٹ کریڈٹ 5.2 فیصد ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ مالیاتی شمولیت کے پروگرام کے تحت اس کمپنی پر 6ارب روپے کی ابتدائی سرمایہ کاری کی گئی۔ کار انداز پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کا کہنا تھا کہ کارانداز معاشی ترقی کو بڑھانے میں مہارت رکھتاہے۔