انٹر نیشینل

کرغزستان؛ مقامی وغیرملکی طلبہ میں ہنگامہ آرائی، پاکستانی طلبہ بھی زد میں

کرغزستان کے دارالحکومت میں مقامی اورغیرملکی طلبہ کے درمیان ہنگامہ آرائی میں پاکستانی طلبہ بھی زد میں آگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں مقامی اورغیرملکی طلبہ کے درمیان ہنگامہ آرائی ہوئی ہے جس کی زد میں پاکستانی طلبہ بھی آگئے۔

اطلاعات کے مطابق مشتعل کرغز طلبہ نے پاکستانی طلبہ کے ہاسٹلز پر حملے کیے جب کہ متعدد طلبہ کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم حملوں میں ہلاکتوں کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

مشتعل ہونے والے کرغز طلبہ نے پاکستانی نوجوانوں کے ہاسٹلز پر حملے کرکے توڑ پھوڑ کی اور پاکستانی طالبات کو بھی ہراساں کیا جس پر پاکستانی طلبہ تشویش کا شکار ہیں۔

ایک پاکستانی طالبعلم نے بتایا ہے کہ ہاسٹل میں موجود لڑکوں اور لڑکیوں پر تشدد کیا گیا ہے جب کہ طلبہ نے پاکستان سفارت خانے کی جانب سے عدم تعاون کی بھی شکایت کی ہے۔

واضح رہے کہ جھگڑا کرغز طالب علموں کی جانب سے مصری طالبات کو ہراساں کرنے پر شروع ہوا۔ مصری طلبہ کی جانب سے کرغز طلبہ کے خلاف ردعمل کے بعد ہنگامے پھوٹ پڑے، کرغز طلبہ پورے بشکیک میں غیر ملکی طلبہ و طالبات پر حملے کر رہے ہیں۔

پاکستانی سفیر کی حالات معمول پر آنے تک پاکستانی طلبہ کو گھروں پر رہنے کی ہدایت

بشکیک میں ہنگامی صورتحال کے بعد کرغستان میں تعینات پاکستانی سفیر حسن علی ضیغم نے پاکستانی طلبہ کو معمول پر آنے تک طلبہ کو گھروں پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔

پاکستانی سفیر حسن علی ضیغم نے کہا کہ مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے میں ہیں اور پاکستانی طلبہ کی حفاظت یقینی بنانے کیلیے اقدامات کر رہے ہیں۔

 

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button