بزنس

اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ ساز تیزی، انڈیکس 75 ہزار کی سطح عبور کرگیا

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں ریکارڈ ساز تیزی کے نتیجے میں انڈیکس 75 ہزار پوائنٹس کی نئی سطح بھی عبور کرگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مثبت سینٹی منٹس، معیشت پر اعتماد سے غیرملکیوں کی پورٹ فولیو انویسٹمنٹ بڑھنے، قلیل مدتی سرمایہ کاری 84 فیصد بڑھنے اور ایم ایس سی آئی فرنٹیئر مارکیٹ انڈیکس میں نیشنل بینک کی شمولیت سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کو بھی تیزی کا تسلسل برقرار رہا جس سے ہنڈریڈ انڈیکس تاریخ کی نئی بلندی ترین سطح پر بند ہوا۔

تیزی کے باوجود 56 فیصد حصص کی قیمتیں کم ہوئیں لیکن اس کے برعکس حصص کی مالیت 33ارب 7کروڑ 64لاکھ 27ہزار 803 روپے بڑھ گئی۔ ایم ایس سی آئی فرنٹیئر مارکیٹ انڈیکس میں پاکستانی کمپنیوں کی تعداد بڑھ کر 21ہونے سے کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس کی 75ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح بھی عبور ہوگئی تھی لیکن آئی ایم ایف کی نئے پروگرام میں شمولیت کے لیے مزید سخت شرائط، نئے وفاقی بجٹ میں ممکنہ اقدامات کے سبب سرمایہ کاروں نے محتاط طرز عمل اختیار کیا۔

اس سے ایک موقع پر 90پوائنٹس کی مندی اور انڈیکس کی 75ہزار پوائنٹس نئی بلند ترین سطح بھی گرگئی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے دوبارہ تیزی رونما ہوئی جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 132.79 پوائنٹس کے اضافے سے 74663.98 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، کے ایس ای 30 انڈیکس 117.08پوائنٹس کے اضافے سے 24071.51پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 32.05 پوائنٹس کی کمی سے 123886.58پوائنٹس اور کے ایم آئی آل شئیر انڈیکس 36.10 پوائنٹس کے اضافے سے 34673.33 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم منگل کی نسبت 0.30 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 57کروڑ 24لاکھ 20ہزار 772 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 382 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 148 کے بھاو میں اضافہ 213 کے داموں میں کمی اور 21 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں نیسلے پاکستان کے بھاؤ 73.42روپے بڑھ کر 7380روپے اور اسماعیل انڈسٹری کے بھاؤ 59.21 روپے بڑھ کر 1444.78روپے ہوگئے جبکہ سروس انڈسٹری کے بھاؤ 48.88 روپے گھٹ کر 784.77روپے اور ہال مارک کمپنی لمیٹڈ کے بھاؤ 46.05 روپے گھٹ کر 567.89روپے ہوگئے۔

 

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button