پنجاب اور سندھ میں شدید گرمی، میدانی علاقوں میں ہیٹ ویو کے امکانات
نجاب اور سندھ میں گرمی کی لہر برقرار ہے جب کہ میدانی علاقے ہیٹ ویو کی زد میں آنے کے امکانات ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 10 مئی تک پنجاب میں دن کے درجہ حرارت میں 5 ڈگری اضافے کا امکان ہے اور ساتھ ہی میدانی علاقے خاص طور پر ہیٹ ویو کی زد میں آنے کے امکانات ہیں۔
صوبے کے بیشتر اضلاع میں 10 سے 12 مئی تک گرد آلود ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارش کے بھی امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق 10 اور 11 مئی جنوبی پنجاب کے اضلاع میں طوفانی بارش کا امکان ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں بھی آج موسم گرم اور مرطوب ریکارڈ ہو سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے ۔ آج صبح کم سے کم درجہ حرارت مزید ایک ڈگری اضافے سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ۔
جمعرات کو کراچی میں صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد رہا ۔ نمی کا تناسب بڑھنے کے سبب رات گئے حدت اور حبس محسوس کی گئی۔ شہر میں گرم و مرطوب موسم اگلے کئی روز تک بدستور برقرار رہ سکتا ہے۔ گرمی کی جزوی لہر کے دوران ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں مئی کے اوسط درجہ حرارت سے 1.1 ڈگری زائد گرمی ریکارڈ ہوئی۔