وزیراعظم شہباز شریف کی ضمنی انتخابات میں کامیاب اراکین اسمبلی کو مبارکباد
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب ارکان کی جیت عوام کے اعتماد کا مظہر ہے، ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے والے عوام کا تہہ دِل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے، پوری دیانت داری اور محنت سے ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے، معاشی بہتری کے واضح ہوتے آثار کے ساتھ عوامی رائے میں تبدیلی بھی نمایاں ہو رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی معیشت کی بحالی، مہنگائی میں کمی اور خارجہ تعلقات کی بہتری کی حکومتی خدمت کا عوامی اعتراف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاشی بہتری اور عوامی ریلیف میں اضافے کے ساتھ آنے والے وقت میں عوامی رائے مزید تبدیل ہوگی، عالمی مالیاتی اداروں، خبررساں اداروں اور سرویز میں معاشی بہتری کی پیش گوئیوں نے بھی عوام کی رائے پر مثبت اثر ڈالا ہے،8 فروری کے بعد اپوزیشن کے غیرسیاسی رویوں نے بھی اُن کے حامیوں اور عوام کو بددِل اور مایوس کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہار جیت انتخابی عمل کا حصہ ہے، الزامات کے بجائے سیاسی تعاون کی راہ اپنانا ہی جمہوری رویہ ہے، انتخابی عمل میں خامیوں اور اعتراضات کو باہمی تعاون اور سیاسی بات چیت سے ہی دور کیا جاسکتا ہے۔