بھارت؛ انسٹاگرام ریل بنانے کی خطرناک کوشش نے 21 سالہ نوجوان کی جان لے لی
اترپردیش: بھارتی ریاست اترپردیش میں انسٹاگرام ریل بنانے کی خطرناک کوشش کے دوران 21 سالہ نوجوان جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 21 سالہ شیوام کمار ایک اسکول کی چھت پر جھنڈے کے کھمبے سے نیچے کی طرف لٹک کر کرتب دکھانے کے انداز میں پرچم لہرانے کی کوشش کر رہا تھا اور ان کے دوست اس کی ریکارڈنگ کر رہے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس دوران سیمنٹ کا بنا ہوا کھمبا ان کا وزن برداشت نہیں کرپایا اور گرگیا جس کے نتیجے میں 21 سالہ شیوام کمار دم توڑ گیا۔
جانپاڈ بندا کے گاؤں خیرادا میں واقع جونیر ہائی اسکول میں یہ واقعہ جمعرات کی شام کو پیش آیا جہاں پہنچنے سے قبل شیوام کمار اپنے والد کو ریلوے اسٹیشن سے شام 5 بجے گھر چھوڑ آئے تھے۔
جاں بحق نوجوان کے دوست انو اور انکیت پہلے ہی مذکورہ اسکول میں موجود تھے اور تینوں دوست اسکول کی چھت پر گئے اور انسٹاگرام ریل کی یہ کوشش شیوام کا آخر کرتب ثابت ہوا۔
نوجوانوں نے ریل کی ریکارڈنگ شروع کی تو کھمبا گر گیا، جس کے نتیجے میں شیوام زخمی ہوگئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر دم توڑ گئے۔
شیوام کی انسٹاگرام فیڈ اسی طرح کے اسٹنٹ سے بھری ہوئی ہے جہاں وہ درختوں اور چھتوں سے لٹک کرتب دکھاتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
جاں بحق نوجوان کے والد واردانی ایک مزدور ہیں اور ایک فیکٹری میں کام کرتے ہیں۔
ماٹوندھ پولیس اسٹیشن کے افسر انچارج رام موہن رائے نے بتایا کہ نوجوان کے اہل خانہ کی جانب سے اب تک کوئی شکایت درج نہیں کرائی گئی ہے۔