انٹرٹینمنٹ

2024ء: شوبز انڈسٹری کے لیے اُمید نو (mg-12 / kalkaar)

پھول اپنے وقت پر کھلتے اور مسکراتے ہیں، ہوائیں مخصوص موسم میں اپنی بھینی بھینی خوشبوئیں فضاؤں میں بکھیرتی ہیں، موسم اپنے وقت مقررہ پر آتے اور جاتے رہتے ہیں لیکن ہرگزرا ہوا سال کچھ تلخ کچھ میٹھی یادیں ہمارے لئے ضرور چھوڑ کر چلا جاتا ہے، بہت سے پیارے ہم سے جدا ہوئے لیکن بہت سی زندگیاں دھرتی پر مسکرائی بھی تو ہیں۔

کئی پھول گھروں کے آنگنوں کی زینت بنے ہیں،انسانی فطرت میں اللہ پاک نے بڑی لچک رکھی ہے، وہ اپنا سفر جاری رکھتا ہے۔ حوصلے اور ہمت سے گامزن رہتا ہے۔ یہی زندگی ہے اور یہی زندگی کی خوبصورتی ہے۔نئے سال کا پہلا لمحہ امید، یقین، خوابوں، رنگوں اور جذبوں سے بھرپور ہونا چاہئے بلکہ زندگی سے بھرپور ہونا چاہئے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں نئے سال کے آغاز میں بھی بھر پور ثقافتی پروگرام کا آغاز کر دیا ہے، شدید سردی کے باوجود لاہور آرٹ کونسل، الحمرا اوپن ایئر تھیٹر، پنجابی کمپلیکس، سنیما گھر اور دیگر ثقافتی مقامات پر فنکاروں اور شہریوں کے میلے لگے ہوئے ہیں، ہمیشہ کی طرح اس بار بھی لاہور آرٹ کونسل الحمرا میں سب سے زیادہ رنگا رثقافتی پروگرام دکھائے جا رہے ہیں۔

 

الحمرا میں سال نو کی تقریبات کے آغاز میں ہی کلاسیکل نائٹ کاانعقاد کیا گیا، ندیم ریاض ملک نے کلاسیکل نائٹ میں پرفارم کیا، راگ روپالی سے پروگرام کا آغاز ہوا،شرکاء نے پیش کردہ ہر راگ پرخوب داد دی۔

ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمراء طارق محمود چوہدری نے اپنے نئے سال کی آمد کے حوالے سے اپنے تاثرات میں کہا کہ پاک دھرتی نے موسیقی، مصوری، آرٹ، ڈرامہ، زبان وادب و فنون لطیفہ کے دیگر شعبوں میں عظیم آرٹسٹ پیدا کئے، ہم ان آرٹسٹوں اور الحمراء آرٹس کونسل کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک وقوم کا نام روشن کیا۔

الحمرا میلوڈیز میں صوفیانہ کلام، غزل، گیت اور قوالی سے بھرپور شام کا انعقادکیا گیا ہے۔ نامور گلوکار استاد عبد الروف کی آواز سننے والوں کے دلوں میں اترتی رہی۔ نئے سال کے آغاز میں ہی لاہور آرٹس کونسل الحمراء نے کتاب کلچر کے فروغ کے لئے ایک اہم اقدام اٹھا یا ہے۔ اس اقدام میں آپ اپنی کتاب ’’الحمراء فری بک‘‘ کو عطیہ کر سکتے ہیں۔

نئے سال کے ابتدائی 2 ہفتے گزر چکے ہیں، ان چودہ دنوں میں لاہور سمیت ملک بھر میں جس تیزی کے ساتھ ثقافتی سرگرمیاں ہوئی ہیں،اس نے فنکاروں میں امید کی نئی کرن جگا دی ہے۔ فنکار سمجھتے ہیں کہ ماضی کے برعکس2024 ہمارے لئے خوشیاں اور مسرتیں لے کر آئیں گے، اداکارہ مہوش حیات کا کہنا ہے امید کرتی ہوں کہ یہ سال ہمارے لئے اور ہمارے وطن عزیز کے لئے خوشیوں اور کامیابیوں کا سال ثابت ہوگا۔

گلوکارہ اور اداکارہ میگھا نے کہا دعا ہے کہ ہم پر نئے سال میں رحمتوں اور برکتوں والے دروازے کھلیں اور اللہ تعالی ہم سب کو اپنی حفظ وامان میں رکھے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیا سال ہماری زندگیوں میں سکون اور خوشیاں لے کر آئے گا۔ فلم سٹار مدیحہ شاہ نے کہا کہ نئے سال میں قوم کے ہر فرد کو انفرادی اور اجتماعی طور پر اس عزم کا اظہار کرنا ہوگا کہ فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے ہر فنکار اپنے طور پر کچھ نہ کچھ حصہ ضرور ڈالے گا۔

اداکار سیف علی خان نے کہا کہ ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ نئے سال میں فلم انڈسٹری کی سرپرستی کا اعلان کیا جائے، راحت فتح علی خان اور شان کا کہنا تھا کہ ہمیں نئے سال میں اس عزم کا اعادہ کرنا چاہئے کہ ہم اپنی انڈسٹری کو دوبارہ عروج پر لے کر جائیں گے۔ گلوکارہ شاہدہ منی کا کہنا ہے کہ پاکستان اب بہتری کی جانب گامزن ہے لیکن اس کی رفتار سست ہے جسے بڑھانے کے لئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

اداکارہ صائمہ نے کہا کہ دعا گو ہوں کہ اللہ ہمارے ملک میں امن و امان کی فضا قائم رکھے۔ اداکار ماہ نور، ندا چوہدری، آفرین پری، لائبہ علی، مایا سونو خان، کرن خان، رز کمالی، انمول سیال، دردانہ رحمان، ماہم رحمان، کنزیٰ نور نے کہا دعا ہے کہ کہ رواں سال ہمارے لئے ڈھیر ساری خوشیاں اور ملک میں خوشحالی کا ضامن بنے۔

فنکاروں کے مطابق نئے سال میں نئی امید کے ساتھ دعا گو ہیں کہ ہمارے ملک کے ساتھ ہماری ڈرامہ انڈسٹری اور فلم انڈسٹری بھی ترقی کی راہوں پر گامزن ہو، عوام کو تفریح کے کثیر تعداد میں مواقع ملیں۔ اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ جو گذر گیا وہ اچھا تھا اب جو گذرے وہ بھی اچھا ہو۔ ہمارا ملک ترقی کرے ہماری انڈسٹری ترقی کرے۔ عوام کے مسائل حل ہوں ، امن وامان کی صورتحال قائم رہے اور ہماری فلم انڈسٹری میں مزید بہتری آئے، اداکارہ صبا قمر کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی سے عوام کی ترقی وابستہ ہے جتنا زیادہ ہمارا ملک ترقی یافتہ ہوگا ہماری عوام بھی اتنی ترقی یافتہ ہوگی۔

اداکار راشد محمود کے مطابق نیا سال میرے ملک کے لئے خوشیوں کا سال ہو، کوشش کریں کہ خود بھی خوش رہیں اور دوسروں میں بھی خوشیاں بانٹیں۔ گلوکار عارف لوہار اور عاطف اسلم نے کہا کہ اللہ سے دعا ہے کہ نیا سال ہمارے لئے خوشیوں والا سال ہو، جو خواہشات 2023 میں پوری نہ ہو سکیں وہ نئے سال میں پوری ہوجائیں۔ فلم ڈائریکٹر سید نور نے کہا کہ دعا ہے کہ نیا سال ہم سب کے لئے ڈھیڑوں خوشیاں لے کر آئے، نئے سال میں شوبز انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کو خود آگے بڑھ کرانڈسٹری کی ترقی کیلئے اقدامات کا عزم کرنا چاہیے۔

پنجاب تھیٹرز پروڈیوسر ایسوسی ایشن کے چیئرمین قیصر ثناء اللہ نے کہا کہ دعا ہے کہ نیا سال سب کے لیے اچھا، پر امید اور بہتر ثابت ہوئے۔

ہدایتکار جرار رضوی اور پرویز کلیم نے کہا نئے سال بھی تہذیب و ثقافت کی بھرپور انداز میں پرموشن جاری رکھنے کا سلسلہ جاری رہے گا اوراپنی تجربہ کار ٹیم کے ساتھ ترقی کی منازل طے کریں گے۔ فلم، ٹی وی اور تھیٹر کے فنکاروں نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ سال 2024ء پاکستان میں خوشحالی، امن اور فلم انڈسٹری کی استحکام کا سال ثابت ہو گا، جبکہ فلم اور ٹی وی کے حوالے سے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

 

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button