مچل اسٹارک 350 وکٹیں حاصل کرنے والے آسٹریلیا کے پانچویں بولر
برسبین: فاسٹ بولر مچل اسٹارک ٹیسٹ میں 350 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنے والے آسٹریلیا کے پانچویں بولر بن گئے۔
مچل اسٹارک نے برسبین ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کے بلے باز ایلک ایتھنیز کو وکٹوں کے پیچھے آؤٹ کرکے یہ کارنامہ سرانجام دیا۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 82 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلوی فاسٹ بولر کو اپنی ہی ٹیم کے فاسٹ بولر ڈینس للی کا ریکارڈ توڑنے کے لیے مزید 4 وکٹیں درکار ہیں۔ 1984 میں ریٹارئرڈ ہونے والے ڈینس للی نے کل 355 وکٹیں لے رکھی ہیں۔
رواں سیزن میں آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ 250 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کر چکے ہیں جبکہ آف اسپنر نیتھن لائن نے 500 وکٹیں حاصل کرنے کا سنگ میل عبور کیا تھا۔
واضح رہے کہ آسٹریلوی لیگ اسپنر شین وارن نے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ 708 وکٹیں لے رکھی ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر فاسٹ بولر گلین میک گرا نے 563 وکٹیں اپنے نام کر رکھی ہیں۔