بشام میں چینی انجینئرز پر حملہ کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چینی دوست پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کے لئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ان کی سلامتی ہماری سلامتی ہے، ہم ان کی فول پروف سیکورٹی یقینی بنائیں گے.
وزیراعظم شہباز شریف نے داسو کا دورہ کے دوران چینی داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی انجینئرز سے ملاقات کی۔
اس موقع پر بشام واقعہ میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے چینی انجینئرز کی یاد میں 30 سیکنڈ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ چینی بہن اور بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے داسو کا دورہ کیاہے، 26 مارچ کو بشام میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر چینی انجینئرز اور ورکرز سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں جس میں 5 چینی انجینئرز اور ایک پاکستانی جاں بحق ہوئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بشام واقعہ دہشت گردوں کا بزدلانہ فعل تھا جس کا مقصد پاکستان اور چین کی غیر معمولی دوستی کو متاثر کرنا تھا، یہ فعل پاکستان کے دشمنوں کا ہے۔ ہمارے دشمن دونوں ملکوں کے درمیان روز بروز مستحکم اور وسیع ہوتی دوستی کو متاثر کرنے کیلئے کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے تاکہ چین اور پاکستان جیسے آئرن برادرز کی دوستی میں رخنہ ڈالا جا سکے۔
مزید پڑھیں: شانگلہ میں چینی انجینئرز پر حملے میں ملوث گروہ گرفتار
انہوں نے کہا کہ وہ یقین دہانی کراتے ہیں کہ حکومت پاکستان یہاں کام کرنے والے چینیوں اور ان کے خاندانوں کی سیکیورٹی کیلئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات نہ ہوں ان کی سلامتی ہماری سلامتی ہے، ہم ان کی فول پروف سیکورٹی بنائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے اس واقعہ کے فوری بعد چینی سفارتخانے کا دورہ کیا اور حکومت اور عوام کی جانب سے چینی صدر اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار تعزیت و ہمدردی کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے چینی بھائیوں کو یقین دہانی کرائی کہ اس واقعہ میں ملوث شرپسند عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے اور انہیں ایسی سزا دی جائے گی کہ جو ایک مثال ہو گی اور کوئی مستقبل میں ایسی حرکت کی جرات نہیں کر سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے جس کی سفارشات پر ہم بغیر وقت ضائع کئے اس کی روح کے مطابق کارروائی کرینگے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں ایک اور اجلاس میری زیر صدارت ہو گا۔ داسو سمیت ملک بھر میں کام کرنے والے چینی شہریوں کو بہتر سیکورٹی فراہم کرینگے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شرپسندوں کو جلد کٹہرے میں لائیں گے پاکستان میں چین کے سفیر جیان ژائی ڈونگ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حملے کے فوری بعد وزیراعظم نے اظہار یکجہتی کیلئے چینی سفارتخانے کا دورہ کیا۔
وزیراعظم نے چینی باشندوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد کیا۔چینی سفیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے چینی باشندوں کی فول پروف سیکورٹی کی یقین دہانی کرائی۔ امید ہے کہ پاکستانی حکومت دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے مزید اقدامات اٹھائے گی۔