امریکا میں آہنی پل گرنے کا واقعہ، سمندر سے دو لاشیں نکال لی گئیں
بالٹی مور: امریکی ریاست بالٹی مور میں سمندری جہاز کے ٹکرانے سے گرنے والے پل کے واقعے کے دو روز بعد سمندر سے دو لاشیں نکال لی گئیں جبکہ دیگر کی تلاش کا کام روک دیا گیا۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق بالٹی مور میں پل کام کرنے والے مزدور حادثے میں ڈوب گئے تھے ان میں سے دو کی لاشیں نکال لی گئیں، جن کی شناخت 35 سالہ الجیندرو ہرنانڈیز فوئینٹیس اور 26 سالہ ڈوریان رونیل کیبریرا کے نام سے ہوئی۔
الجیندرو ہرنانڈیز فوئینٹیس کا تعلق میکسیکو اور ڈوریان رونیل کیبریرا کا تعلق گوئٹے مالا سے تھا جبکہ لاپتا مزدوروں میں سے دو کی شناخت ایل سلواڈور سے تعلق رکھنے والے میگوئیل لونا اور ہنڈراس کے شہری مائینور سوئیزو سینڈوال کے طور پر ہوئی ہے۔
میکسیکو کی وزارت خارجہ نے اس سے قبل اپنے بیان میں کہا تھا کہ اس کے دو شہری بھی سمندر میں ڈوب گئے ہیں جنہیں مردہ تصور کرلیا گیا ہے، ان میں سے ایک فوئینٹیس ہیں جبکہ دوسری کو سمندر سے زندہ بچالیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا میں بحری جہاز ٹکرانے سے آہنی پُل گرگیا؛ متعدد ہلاکتوں کا خدشہ
پولیس نے بتایا کہ سمندر میں پانی کا بہاؤ اور ملبے کی وجہ سے غوطہ خور دیگر افراد کی تلاش جاری نہ رکھ پائے، جس کی وجہ سے 4 مزید لاپتا افراد کی تلاش کا کام روک دیا گیا۔
حکام اب سمندر سے آہنی پل کا ملبہ ہٹانے پر توجہ مرکوز کریں گے تا کہ غوطہ خور دوبارہ پانی میں داخل ہوسکیں۔
انتظامیہ کی جانب سے شپنگ لین کھولنے اور نئے پل کی تعمیر کے لیے نئی حکمت عملی بنائی جائے گی لیکن ٹائم فریم اور اس کی لاگت کے حوالے سے تاحال تعین نہیں ہوسکا۔
خیال رہے کہ 26 مارچ کو بالٹی مور میں دریائے پاٹاپسکو پر بنے ایک پُل سے کنٹینر سے لدا بحری جہاز ٹکرا گیا تھا، جس کے نتیجے میں پل پر کام کرنے والے 8 مزدور حادثے کے وقت موجود تھے تاہم ان میں سے دو کو بچالیا گیا تھا جبکہ دیگر کو مردہ تصور کیا گیا تھا اور تلاش شروع کردی گئی تھی۔